مغربی پاکستان کے سابق گورنر نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان کی برسی منائی گئی

جمعرات 26 نومبر 2015 11:27

کالا باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) مغربی پاکستان کے سابق گورنر نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان کی برسی منائی گئی ۔ملک امیر محمد خان 20جون 1910ء کو پیدا ہوئے ۔ وہ اوکسفرڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل تھے۔ وہ پرانے پارلیمنٹیرین تھے اور 1951ء میں پنجاب اسمبلی، 1955ء میں قومی اسمبلی اور 1956 ء میں مغربی پاکستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے تھے اور پی آئی ڈی سی اور خوراک و زراعت کمیشن کے چیئرمین کے مناصب پر فائز رہے تھے۔

ان عہدوں پر ان کی اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے پیش نظر 11 اپریل 1960ء کو صدر ایوب خان نے انہیں مغربی پاکستان کا گورنر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔یکم جون 1960ء کو انہوں نے یہ عہدہ سنبھالا اور 18ستمبر 1966ء تک وہ اس عہدے پر فائز رہے۔

(جاری ہے)

نواب آف کالا باغ‘ ایوب خان کی حکومت کے ایک اہم ستون تھے۔ وہ ذاتی زندگی میں ایک ایماندار‘ کھرے اور سادہ مزاج انسان تھے‘ مگر ان کی انتظامیہ پر گرفت اتنی ہی سخت تھی‘ وہ پرانے فیوڈل لارڈز کا ایک مثالی نمونہ تھے۔

1962ء اور 1965ء کے انتخابات میں ایوب خان کی کامیابی میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے رعب اور دبدبے کا یہ عالم تھا کہ وہ خود مسلم لیگ کے رکن نہیں تھے لیکن قومی اور صوبائی اسمبلی کی کسی بھی نشست کے لیے مسلم لیگ کا ٹکٹ ان کی مرضی کے بغیر جاری نہیں ہوسکتا تھا۔گورنری سے مستعفی ہونے کے بعد وہ اپنی جاگیر پر واپس چلے گئے جہاں 26 نومبر 1967ء کو انہیں قتل کردیا گیا۔