ٹی ٹونٹی سیریز؛ پاکستان سے مقابلوں میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری

جمعرات 26 نومبر 2015 12:59

ٹی ٹونٹی سیریز؛ پاکستان سے مقابلوں میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26نومبر- 2015ء) انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹوئنٹی 20 سیریز جمعرات سے دبئی میں شروع ہونے جارہی ہے، تاہم باہمی مقابلوں میں دیکھا جائے تو انگلش ٹیم کا پلڑا بھاری ہے . اب تک دونوں ملکوں کے درمیان مختصر فارمیٹ کے 10 بین الاقوامی میچز کھیلے جاچکے ہیں, جس میں انگلش ٹیم 7 مرتبہ فتح سے ہمکنار ہوئی جب کہ 3 بار پاکستان کو کامیابی نصیب ہوئی، یہ سیریز پاکستان کی دوسری پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اہمیت کی حامل ہے، 2-1 سے فتح گرین شرٹس کو دنیا کی دوسری ٹیم کے طور پر برقرار رکھنے کیلیے کافی ہوگی ۔

سیریز کا دوسرا میچ بھی دبئی میں جمعہ کو ہوگا جب کہ شارجہ 30 نومبر کو تیسرے اور آخری میچ کی میزبانی کرے گا ، اس سے قبل پاکستان نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز2-0 سے جیتی جب کہ ون ڈے سیریز میں انگلینڈ نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی ہے ۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار ٹی 20 سیریز 2012ء میں متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی گئی تھی جو انگلینڈ نے 2-1 سے اپنے نام کی تھی ، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت بھی انگلینڈ کی ٹیم پاکستان سے ٹیسٹ سیریز 0-3 سے ہارگئی تھی لیکن اس کے بعد اس نے ون ڈے سیریز 4-0 سے جیتی تھی ، رواں برس ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کا ریکارڈ خاصا متاثر کن رہا ہے ، قومی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے 7 میں سے 6 میچز جیتے ہیں اورصرف ایک میں اسے شکست ہوئی ہے ، دوسری جانب انگلش ٹیم بھی رواں برس کھیلے گئے دونوں ٹی 20 میچز میں سرخرو ہوئی ہے ۔