عالمی اور ایشین فیڈریشنز پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی تنزلی سے پریشان

جمعرات 26 نومبر 2015 16:32

عالمی اور ایشین فیڈریشنز پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی تنزلی سے پریشان

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26نومبر- 2015ء) عالمی اور ایشین ہاکی حکام پاکستان میں اس کھیل کی تنزلی سے تشویش میں مبتلا ہیں، ہاکی کو دوبارہ ٹریک پر لانے میں مدد دینے کیلیے ایف آئی ایچ اور ایشین ہاکی کا اعلیٰ سطح وفد جمعرات کو پاکستان پہنچے گا۔ ادھر اے ایچ ایف نے عرب ممالک میں ہاکی کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہاکی کے معاملات میں بہتری، انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کے سلسلے میں عالمی اور ایشیائی ہاکی تنظیموں کا ایک مشترکہ وفد لاہور پہنچ رہا ہے جس میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لینڈرو نیگرے، ایف آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹیو کیلی فیئر ویدر اور ایشین ہاکی فیڈریشن کےچیف ایگزیکٹیو آفیسر طیب اکرام شامل ہیں۔

وفد کے ارکان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈ ئیر(ر) خالد کھوکھر سے پاکستان میں ہاکی کے فروغ میں حائل رکاوٹ، انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کےمتعلق امور پر بات چیت کریں گے، پی ایچ ایف کے سکریٹری شہباز احمد کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان ہاکی ٹیم کی ناقص کار کردگی پر عالمی اور ایشیائی تنظیموں کو تشویش ہے اور پاکستان کی ورلڈ کپ اور اولمپک گیمز سے باہر ہونے کے بعد ہاکی کے انٹر نیشنل مقابلوں میں ہونے والی کشش میں کمی اور غیرملکی ٹیموں کے نہ آنے سے پریشان اور ان مشکلات سے پاکستان کو باہر لانے کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کے ارکان پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفیٹینٹ جنرل (ر) عارف حسن سے بھی ملاقات کریں گے ۔ دریں اثنا ایشین ہاکی فیڈریشن نے سعودی عرب ، بحرین اور کویت میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے ان ملکوں کے ہاکی حکام کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات ایشین ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر رانا مجاہد علی خان نے ملائیشیا میں ہونے والے ایشین ہاکی فیڈریشن کی ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں شرکت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ایگز یکٹیو کمیٹی کے رکن، پی ایچ ایف کے سابق صدر اختر رسول اور پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز احمد نے بطور آبزور اجلاس میں شرکت کی۔

رانا مجاہد کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد سری لنکا، چین، بنگلہ دیش اور عمان کے حکام سے بات چیت کرکے انہیں پاکستان میں کھیلنے پر رضامند کرنے کی کوشش کریں گے، اجلاس میں اس بات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ سعودی عرب میں ہاکی کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں جس میں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی دل چسپی قابل دید ہے، سعودی عرب کے علاوہ کویت اور بحرین میں ہاکی کے فروغ کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے اور ان ملکوں کو ایشین ہاکی فیڈریشن کوچنگ کے حوالے بھی مکمل سپوٹ کرے گی ۔