تاجر برادری کے بعض رہنما اپنے کالے دھن کو سفید بنانے کے لئے ودہولڈنگ کی مخالفت کر کے حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، اسحاق ڈار

ٹیکس نیٹ میں آنے والے تاجروں کو خصوصی رعائتیں فراہم کریں گے، قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کو بریفنگ

جمعرات 26 نومبر 2015 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے بعض رہنما اپنے کالے دھن کو سفید بنانے کے لئے ودہولڈنگ کی مخالفت کر کے حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں ۔ بعض سرمایہ دار اپنے چند کروڑ کے فائدے کے لئے مارکیٹ میں ڈالرز کی مصنوعی قلت پیدا کر کے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچاتے ہیں ۔

ٹیکس نیٹ میں آنے والے تاجروں کو خصوصی رعائتیں فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر تاجر برادری کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور امید ہے کہ 30 نومبر تک کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے انہوں نے انکشاف کیا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے بارے میں تاجر برادری کے ساتھ مذاکرات کے دوران بعض تاجر رہنماؤں نے اپنے کالے دھن کو سفید بنانے کے لئے خصوصی رعائتیں مانگی جبکہ بعص تاجر رہنماؤں نے یہ اقرار کیا ہے کہ ہم نے پوشیدہ اکاؤنٹس بھی رکھے ہیں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری میں اصل خوف ایف بی آر سے ہے کہ اگر ہم ٹیکس نیٹ میں آ گئے تو ہم پر زیادہ ٹیکس عائد کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ جو تاجر ٹیکس نہیں دیتے ہیں وہ اپنے ٹیکس کو بچانے یا چرانے کے لئے واجب الاادا ٹیکس سے زیادہ خرچ کرتے ہیں ہم نے ٹیکس گزاروں کو 4 کیٹگریز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور چھوٹے شہروں کے تاجروں کو خصوصی رعائتیں فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ بعض سرمایہ دار اپنے فائدے کے لئے ملک میں ڈالر کا بحران پیدا کر دیتے ہیں جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بڑھ جاتی ہے اس طریقے سے مخصوص ذہنیت کے حامل سرمایہ دار چند کروڑ روپے تو کما لیتے ہیں مگر اس کے برعکس حکومت کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ودہولڈنگ ٹیکس سے بچنے کے لئے بعض بنکوں نے اپنے اکاؤنٹس ہولڈروں کو طریقے سکھائے مگر اس کا علم ہونے پر سٹیٹ بنک کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا اور اس راستے کو بھی بند کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس کلچر کا نفاذ بہت ضروری ہے جب تک سرمایہ دار اور تاجر ٹیکس ادا نہیں کریں گے اس وقت تک ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہو سکتا ہے