بنوں ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم درانی بم حملے میں بال بال بچ گئے ،قافلے میں موجود 2سیکیورٹی اہلکار شہید ،متعدد افراد زخمی

صدر مملکت ،وزیراعظم اور وزیرداخلہ ‘عمران خان کی حملے کی شدید مذمت، جانی نقصان پر اظہار افسوس

جمعرات 26 نومبر 2015 20:51

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) بنوں کے علاقے بکا خیل میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی کے قافلے پر ریمورٹ کنٹرول سے بم حملہ ،اکرم خان درانی حملے میں محفوظ رہے تاہم 2سیکیورٹی اہلکار شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے،صدر مملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو بنوں کے علاقے بکا خیل میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی کے قافلے پر نامعلوم دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کردیا جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ مکمل محفوظ رہے جبکہ 2سیکیورٹی اہلکارشہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا،قافلے میں پولیس ایمبولینس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف، صدر مملکت ممنون حسین ‘وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور عمران خان نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی پر بم حملے کی شدید مذمت اور بچ جانے پر اظہار اطمینان جبکہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کیلئے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔