صوبے کے مختلف شہروں میں ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر بہتر بنانے ،تعمیر وترقی اور خوبصورتی کا عمل تیزکرنے کیلئے قائم کردہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیزکیلئے صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے کے خطیر فنڈزمختص کئے ہیں

سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان کا اجلا س سے خطاب

جمعرات 26 نومبر 2015 20:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف شہروں میں ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر بہتر بنانے نیزتعمیر وترقی اور خوبصورتی کا عمل تیزکرنے کیلئے قائم کردہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیزکیلئے صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے کے خطیر فنڈزمختص کئے ہیں جن کے ذریعے ان ترقیاتی اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آنی چاہئے انہوں نے تمام اتھارٹیزپر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی نتیجہ خیزبنائیں تاکہ عوام ان سے زیادہ سے زیادہ مستفیدہو ں اور ان پر عوامی اعتماد بحال ہو اس امر کا اظہار انہوں نے بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں نخلتف شہروں کے ترقیاتی اتھارٹیز کو درپیش مسائل سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ کے علاوہ ترقیاتی اداروں کے پراجیکٹ ڈائریکٹروں اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور اپنے اہداف کے علاوہ درپیش مسائل و مشکلات پر روشنی ڈالی عنایت اﷲ نے کہا کہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کا مقصد عوام کو رہائش اور تعمیر و ترقی کی جدید سہولیات کی فراہمی ہے جنکی بطریق احسن دستیابی انتہائی ضروری ہے انہوں نے تاکید کی کہ اتھارٹیز اپنے آمدن کے ذرائع میں اضافے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائیں نیز اپنے دفاتر اور اہلکاروں میں کرپشن، سرخ فیتے، اقربا پروری اور دیگر بدعنوانیوں کا مکمل سدباب کریں کیونکہ موجودہ حکومت ہر شعبے میں شفافیت چاہتی ہے اور کرپشن کیلئے ہمارا زیرو ٹالرنس ہے سینئر وزیر نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ترقیاتی اتھارٹیز اپنے دستیاب قیمتی وسائل کے باوجود صوبائی حکومت سے گرانٹس اور دیگر اقسام کی مالی امداد کی توقع رکھتی ہے جس کا ان دادورں کی کارکردگی اور ساکھ پر نہایت برا اثر پڑتا ہے اسلئے یہ رجحان اب مستقل طور پر ختم ہو جا نا چاہئے اور تمام اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا چاہئے جس کا واحد حل اپنے مالی وسائل کو وسیع اور مستحکم بنانا ہے انہوں نے خبردار کیا کہ صوبائی حکومت اپنی سزا اور جزا پالیسی کے تحت آئندہ صرف ان ترقیاتی اتھارٹیز کی مدد کرے گی جو اپنے اہداف اور کارکردگی کے حوالے سے نمایاں پیشرفت دکھائیں گی۔