روس،ایران کے سفارتی تعلقات خطے کی سیاست میں خوشگوار تبدیلی ہے، اسرائیل کو بچانے کی بجائے عرب ممالک امریکی تسلط سے باہر آئیں

اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی جے ایس او کے وفد سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 21:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے روس اور اسلامی جمہوری ایران کے درمیان بہتر سفارتی تعلقات کو خطے کی سیاست میں خوشگوار تبدیلی اور ٹرننگ پوائنٹ قراردیتے کہا ہے کہ غاصب یہودی ریاست اسرائیل کو بچانے کی بجائے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں عرب ممالک امریکی تسلط سے باہر آئیں۔

اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کریں۔ پاکستان بھی روس اور چین کے زیادہ قریب ہورہا ہے۔ اسلامی ممالک کو باہمی اختلافات ختم کرکے عملی وحدت کا ثبوت دینا چاہیے۔ جمعرات کو شیعہ علماکونسل کے صوبائی دفتر میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عارف واحدی نے کہا کہ بشارالاسد کی حکومت کو ختم کرنے کے لئے شام میں امریکہ اوراس کے اتحادی عرب ممالک کی مداخلت کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہاں دنیا بھر سے نام نہاد جہادی گروہوں کو اکٹھا کیا گیا ہے تاکہ ناجائز ریاست اسرائیل کو مضبوط کرسکیں۔ لیکن ایران اور اس کے اتحادی ممالک نے دیوار بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش فسادی اور دہشت گرد گروہ کے سوا کچھ نہیں۔ اس نے انبیا علیہم السلام کے مزارات مقدسہ کو منہدم کرنے کی ناپاک جسارت کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کی ۔اسلامی تحریک کے رہنما نے کہا کہ ایران نے اپنی کامیاب سفارتکاری کا لوہا منوایا ہے۔

جس کی وجہ متقی اور نڈر قیادت ہے۔ جسے باری تعالٰی کے سوا کسی کا ڈر نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایران نے پانچ عالمی قوتوں کے ساتھ اپنی شرائط پر ایٹمی معاہدہ کیا اور امت کی مضبوطی کا باعث بنا۔ مگر امریکہ کے کاسہ لیس چند عرب ممالک اور اسرائیل کو یہ پسند نہیں آیا ۔ جس کی وجوہات سب کے سامنے عیا ں ہیں۔