حضرو کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی ، میجر گروپ کے حاجی شیراز خان مسلم لیگ(ن) میں شامل

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 26 نومبر 2015 21:33

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 نومبر۔2015ء )حضرو کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی کے ساتھ میجر گروپ کے رہنما حاجی شیراز خان مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

حضرو میں ڈار گروپ اور خان گروپ کے اتحاد کے حوالے سے افواہیں اور قیاس آرائیاں حقیقت میں تبدیل ہو گئی ہیں جس میں اہم کردار ڈاکٹر اشرف بٹ نے ادا کیا جبکہ تحصیل ناظم رضا خان نے اتحاد کو خوش اسلوبی سے طے پانے میں حصہ لیا، ڈاکٹر اشرف بٹ کی رہائشگاہ پر رضا خان، حاجی شیراز خان، رئیس ڈار، سعید آرائیں، خاور ڈار، وقار ڈار، رفیق بھولا ، حاجی احسان خان کے ہمراہ باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمدنے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈاکٹر اشرف بٹ اور رضا خان کی کاوش سے رئیس ڈار اور حاجی شیراز خان کے درمیان نہ صرف اتحاد قائم ہوا ہے بلکہ شیراز خان باقاعدہ مسلم لیگ (ن) میں بھی شامل ہو گئے ہیں جبکہ رئیس ڈار کے مد مقابل طاہر بیگ اب الیکشن نہیں لڑینگے اور انہیں کسان کونسلر منتخب کیا جائے گا جس کی شیراز خان،طاہر بیگ اور رئیس ڈار نے تصدیق کی ہے فیصلے کے مطابق رئیس ڈار بلدیہ حضرو کے چیئرمین، حاجی شیراز خان وائس چیئرمین ہونگے ، شیخ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ حاجی شیراز خان کا حضرو کی سیاست میں اہم کردار ہے ان کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت سے حضرو میں مسلم لیگ(ن) کے قلعے کی دیواریں مزید مضبوط ہو گئی ہیں، حاجی شیراز خان، طاہر بیگ سمیت اب ہماری پوری ٹیم باکردار اور خدمت کے جذبہ سے سرشار شخصیات پر مشتمل ہے جبکہ اس ٹیم کے ساتھ مل کر شیراز خان ، طاہر بیگ پہلے سے بہتر عوام کی خدمت کر سکیں گے ۔