سیاستدان ہی نہیں، اداروں میں ہونے والی کرپشن پر بھی توجہ دی جائے، پیر معصوم نقوی

گلو بٹ جیل میں، پولیس افسران مزے کررہے ہیں، رانا مشہود کے رشوت لینے ، یوتھ فیسٹیول کی کرپشن کی تحقیقات نہیں ہوئیں، سربراہ جے یو پی نیازی

جمعرات 26 نومبر 2015 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے ملکی ترقی کے لئے معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔ سیاستدانوں ہی نہیں، دوسرے اداروں میں ہونے والی کرپشن کی روک تھام پر بھی توجہ دی جائے۔ میڈیا سے گفتگو میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کے خلاف کرپشن کے مقدمات قائم کئے۔

جن کی میثاق جمہوریت میں معافی مانگی گئی اور آئندہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج نہ کرانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔ مگر نظر یہ آرہا ہے کہ احتساب صرف سندھ اور پیپلز پارٹی کا ہورہا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پنجاب میں ہونے والی کرپشن سے آنکھیں بند رکھی جارہی ہیں۔ کوئی ہمت کرنے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ انصاف کا تقاضا ہے کہ احتساب بلاامتیاز اور کڑا کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاون کے ملزمان کو سزائیں نہیں دی گئیں۔ گاڑیوں کے شیشے توڑنے والے گلو بٹ جیل میں اور تحریک منہا ج القرآن کے کارکنوں کو شہید کرنے والے پولیس افسران اور اہلکار مزے کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان کے خلاف رشوت لینے کے وڈیو ثبوت موجود ہیں، یوتھ فیسٹیول کے نام پر بھی بڑی کمائی کی گئی مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی نہ گرفتاری۔

نندی پور پاور پراجیکٹ میں ہونے والی کرپشن بھی نیب کو ابھی تک نظر نہیں آئی۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ حکمران جماعت ہمیشہ کرپشن کے الزامات سے دور رہتی ہیں۔ خاص طور پر جب مسلم لیگ ن برسر اقتدار ہوتو کرپشن کے مقدما ت نہیں بنتے جبکہ پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم کو گھر بھجوادیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلفا راشدہ کی تعلیمات اور طرز حکومت پر عمل کرنے سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے