پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ بھی شفاف اورپرامن طریقے سے مکمل کیا جائے گا ،رانا ثناء اﷲ

جمعرات 26 نومبر 2015 22:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ پنجاب میں دونوں مراحل کے دوران بلدیاتی الیکشن کا انعقاد خوش اسلوبی سے ہوا ہے اور تیسرا مرحلہ بھی شفاف اورپرامن طریقے سے مکمل کیا جائے گا ۔ ہر منتخب چیئرمین کو میئر،ڈپٹی میئر یا ضلعی چیئرمین کی نشست کے لئے اپلائی کرنے کا حق حاصل ہے لیکن جو فیصلہ پارٹی قیادت کرے اسے قبول کیا جائے سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام اور سماجی ترقی ممکن نہیں لیکن دھرنا سیاست نے غیر یقینی صورت حال پیدا کرکے لوگوں کو گمراہ کیا ان کی منفی اور انتشار کی سیاست دم توڑ چکی ہے اور عوام پاکستان مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کی حمایت کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں حکومت انرجی بحران پرقابو پانے،دہشتگردی کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کے لئے تیزی سے قدم آگے بڑھا رہی ہے بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے ترقی کے سفر میں مزید تیزی لائیں گے اور گراس روٹ لیول پر عوامی خدمت کا مشن پورا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات امین ٹاؤن میں حاجی سلیم کی رہائش گاہ پرآزادحیثیت میں نومنتخب چیئرمین صاحبان سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے غیر مشروط طور پر پاکستان مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر قانون نے نومنتخب چیئرمینوں کومبارکباد دیتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مخالف جیتنے والے بلدیاتی نمائندوں کے مینڈیٹ کا بھی احترام کیاجائے گا جنہیں ترقیاتی عمل میں شامل رکھیں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے بلدیاتی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کی ہے تاہم ہمارے ساتھ آنے والے بلدیاتی نمائندے بھی پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھیں گے، انہوں نے عشائیہ تقریب کا اہتمام کرنے پر حاجی سلیم اورمیاں شاہد اقبال کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :