نیشنل سیکورٹی پلان کی کامیابی کیلئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملازمت میں دو سال کی توسیع کرنا ہو گی،میر عبدالکریم نوشیروانی

اگر جنرل راحیل شریف کی ملازمت میں توسیع نہیں کی گئی تو میں ملک گیر احتجاج کرونگا ، جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ق) بلوچستان

جمعرات 26 نومبر 2015 23:19

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک میں نیشنل سیکورٹی پلان کو اگر کامیاب بنانا ہے تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملازمت میں دو سال کی توسیع کی جائے اگر جنرل راحیل شریف کی ملازمت میں توسیع نہیں کی گئی تو میں ملک گیر احتجاج کرونگا ۔

یہ بات انہوں نے دبئی سے ٹیلی فون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ اس وقت سیکورٹی پلان اور جمہوریت و جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے حوالے سے جو سسٹم چل رہا ہے اگر یہ ڈراپ ہوا تو اس سے پاکستان کو بہت نقصان ہوگا دہشت گرد پھر سر اٹھائیں گے کیونکہ بیرو نی طاقتیں یہ نہیں چاہتیں کہ پاکستان مضبوط ہویہ بیرونی طاقتیں پاکستان کے خلاف اربوں روپے خرچ کررہی ہیں لیکن پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ اس کے پاس اس وقت ایک بہادر اور ایماندار جنرل ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذامیری وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اپیل ہے کہ وہ اپنی حکومت کی مدت تک جنرل راحیل شریف کی ملازمت میں توسیع کریں اور انہی کی سربراہی میں ملک میں جنرل الیکشن کرائے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں جمہوری ٹرین صحیح ٹریک پر جارہی ہے اسے بھی جنرل راحیل شریف نے کندھا دیا ہوا ہے افواج پاکستان ، ایف سی ، پولیس اور لیویز نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ۔انہوں نے کہا کہ بیس کروڑ عوام بھی یہ چاہتے ہیں کہ جنرل راحیل شریف کی ملازمت میں تو سیع ہو کیونکہ لوگوں کو سکون اور چین ملا ہے اور ملک ترقی کررہا ہے