وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹس ویلفےئر فنڈز کا قیام خوش آئند ہے،فلمی شخصیات

جمعہ 27 نومبر 2015 12:27

وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹس ویلفےئر فنڈز کا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے200ارب روپے کی لاگت سے فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹس ویلفےئر فنڈز کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی تاہم اس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے،قومی فلم ایوارڈز حکومتی سطح پر دئیے جانے سے بھی فلم انڈسٹری میں نیا ولولہ اور جوش پیدا ہو جائے گا،عام عوام کیلئے سینما گھروں کے ٹکٹس کی قیمت میں کمی ہونی چاہئے۔

آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فلم سٹار میرا نے کہا کہ حکومت کی طرف سے فلم انڈسٹری کیلئے کئے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں تاہم اس پر حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کو عملی جامہ پہنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آرٹسٹوں کیلئے جو جو ویلفےئر فنڈ کالم کیا گیا ہے

اس سے فلم انڈسٹری کے فنکاروں کی معاشی اور مالی حالات بہتر ہونے کی امید ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینماؤں کے ٹکٹ کی قیمت میں کمی ہونی چاہئے تاکہ عام آدمی بھی فلم سے مستفید ہوسکے۔

ادکارہ ریچل خان نے کہا ہے کہ حکومت اگر فلم انڈسٹری کو عملی طور پر سپورٹ کرے تویہ انڈسٹری چند سالوں میں دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریز میں شمار کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر ملکر فلم انڈسٹری کی ترقی اور فروغ کیلئے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ فلموں کے ساتھ ساتھ فنکاروں کی بھی انشورنس کرے تاکہ فنکار اپنی زندگی کے آخری وقت آسودگی کے ساتھ گزار سکیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے اندر جو لابنگ سسٹم ہے اس کو ختم ہونا چاہئے تاکہ نئے آنے والے لوگوں کو موقع مل سکے۔اداکار شامل خان نے کہا کہ حکومت جو فلم انڈسٹری کیلئے اقدامات کر رہی ہے وہ خوش آئند ہیں اور حکومت نے جو فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کے لئے فلم ایوارڈز دینے پر غور کر رہی ہے یہ بہت اچھا اقدام ہے اس سے فلمی صنعت سے وابستہ لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ جوش وجذبے کے ساتھ کام کریں گے۔

دریں اثناء پروڈیوسر اور اداکارمسیم علی نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی حکومتوں نے اس طرح کے اعلانات کئے لیکن اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے تو اس کو چاہئے کہ وہ فلم انڈسٹری کے پرانے لوگوں کے علاوہ نئے لوگوں سے بھی رابطہ کرے اور ان کو اپنے فیصلوں میں شامل کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ پرانے اور نئے لوگوں پر مشتمل فلم انڈسٹری کی ایک کمیٹی بنائے جس میں فلم انڈسٹری سے متعلق تمام مسائل پر مشاورت کی جائے۔

اس موقع پر ہدایتکار تیمور شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت جو فلم انڈسٹری کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے وہ بہت اچھی بات ہے اگر یہ اقدامات پہلے اٹھائے جاتے تو آج فلم انڈسٹری کافی حد تک ترقی کر چکی ہوتی۔انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بحث خوش آئند ہے

متعلقہ عنوان :