قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا ہدف ٹی ٹونٹی 2016ء ورلڈ کپ ہے،عائشہ اشعر

جمعہ 27 نومبر 2015 13:00

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا ہدف ٹی ٹونٹی 2016ء ورلڈ کپ ہے،عائشہ اشعر

لاہور۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی منیجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ ویمن کرکٹ ٹیم کا ہدف2016 ء بھارت میں ہونے والا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہے، بھارت کی کنڈیشنز پاکستان جیسی ہیں، پوری امید ہے کہ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی سے فتح حاصل کرے گی۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دنیا کی مشکل ترین ٹیمیں شرکت کررہی ہیں لیکن ٹی ٹونٹی مقابلوں میں ہماری ٹیم کی کارکردگی ہمیشہ اچھی رہی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف سیریز ہے جس کو جیتنا اہم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد کرکٹ کھیلنا معیوب بات نہیں، ڈاکٹرز، لیکچررز، ٹیچرز اور دیگر شعبوں میں ملازمت کرنے والی خواتین شادی کے بعد اپنی ملازمت جاری رکھ سکتی ہیں تو خواتین کرکٹرز کیلئے بھی شادی کے بعد کرکٹ کھیلنا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ ایک پروفیشنل کھیل ہے جس سے خواتین کا نہ صرف روزگار منسلک ہے بلکہ پوری دنیا میں خواتین کرکٹرز پاکستان کا نام روشن کرتی ہیں ۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی انٹرنیشنل سطح پر کامیابیوں اور پی سی بی کی سپورٹ سے پاکستان میں ویمن کرکٹ ترقی کر رہی ہے اور ٹیم کو ملک کے مختلف حصوں سے نیا ٹیلنٹ مل رہا ہے۔ عائشہ اشعر کا کہنا ہے کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کسی ایک ٹورنامنٹ میں ناکامی سے ان کی ماضی کی کامیابیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل ہے، تمام کھلاڑی نہ صرف فٹ ہیں بلکہ دن بدن ان کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اور ٹیم مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کرے گی۔ دورہ ویسٹ انڈیز میں قومی ویمن ٹیم کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں ناکامی کی وجہ ناقص بیٹنگ اور کنڈیشنز کا مختلف ہونا تھا۔

کھلاڑیوں نے فیلڈنگ اور باؤلنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بیٹنگ میں پاور پلے اور شارٹ کا انتخاب بہتر نہ تھا۔ بڑی ٹیموں کے خلاف جیتنے کیلئے اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔ نئی کھلاڑیوں عالیہ ریاض، ارم اور ڈائنا بیگ نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ انعم امین کی باؤلنگ آؤٹ کلاس تھی۔ پاکستان میں ویمن کرکٹرز کا بہت ٹیلنٹ ہے اور مستقبل میں مزید بہتر ین ویمن کرکٹرز قومی ٹیم میں جگہ بنائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :