Live Updates

خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مشینی کاشت کے فروغ و زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے 50فیصد سبسڈی پر اندرون ملک تیار شدہ زرعی آلات و مشینری کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز

پروگرام کے تحت ڈسک ہیرو، روٹا ویٹر، ربیع ڈرل اور چزل ہل کا سیٹ پنجاب کی ہر یونین کونسل میں جبکہ شوگر کین رجر کماد کی کاشت کے اضلاع کی ہر منتخب یونین کونسل میں بذریعہ قرعہ اندازی صرف ایک منتخب کاشتکار کو دیا جائے گا، ترجمان محکمہ زراعت

جمعہ 27 نومبر 2015 13:08

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مشینی کاشت کے فروغ و زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے 50 فیصد سبسڈی پر اندرون ملک تیار شدہ زرعی آلات و مشینری کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت خواہشمند کاشتکاروں سے 30 نومبر 2015 تک درخواستیں وصول کی جائیں گی جبکہ قرعہ اندازی 24 دسمبر 2015 اور مشینری و زرعی آلات کی فراہمی 20 جنوری 2016 کو ہو گی۔

نظامت زرعی اطلاعات پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق اس پروگرام کے تحت ڈسک ہیرو، روٹا ویٹر، ربیع ڈرل اور چزل ہل کا سیٹ پنجاب کی ہر یونین کونسل میں جبکہ شوگر کین رجر کماد کی کاشت کے اضلاع کی ہر منتخب یونین کونسل میں بذریعہ قرعہ اندازی صرف ایک منتخب کاشتکار کو دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاو ہ شوگر کین ٹوکہ کماد کی کاشت کے اضلاع کے ہر گاؤں میں دو عدد 50 فیصد رعایتی قیمت پر دئیے جائیں گے۔

ہالوکون نوزل کپاس کی کاشت کے اضلاع کے ہر گاؤں میں تین عدد اجتماع کاشتکاروں میں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ جس کے لئے کاشتکاروں کو درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔

ترجمان کے مطابق بڑی زرعی مشینری و آلات کے لئے کم از کم 6 ایکڑ تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد و خواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد قرعہ اندازی یونین کونسل کی سطح پر ہو گی۔

ہر خاندان سے صرف ایک فرد ہی درخواست دینے کا اہل ہو گا اور خاندان کی تصدیق نادرا ریکارڈ کے مطابق ہو گی۔ درخواست دہندہ کا ایک عدد ذاتی ٹریکٹر کا مالک ہونا لازمی ہے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹر اور ان کے فیملی ممبرز، گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین اور محکمہ مال اور محکمہ زراعت کے تمام ملازمین درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔

درخواست دہندہ کیلئے یہ ضروی ہے کہ وہ اس سے قبل کبھی مرکزی و صوبائی سطح پر اس قسم کی سہولت سے فائدہ نہ اٹھا چکا ہو۔ مذکورہ مشینری حاصل کرنے کی صورت میں کامیاب ہونے والے امیدوار دو سال تک اس کو بیچنے یا ٹرانسفر نہ کرنے کا پابند ہو گا۔ کاشتکار درخواست فارم متعقلہ ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع)، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) اور زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں جبکہ درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب توسیع کی ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاوٴن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔ نیز درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔ کاشتکار ہر طرح سے مکمل تصدیق شدہ درخواستیں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) کے دفتر میں دستی یا بذریعہ ڈاک جمع کرائیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :