دینی مدارس اورمساجد امن کے گہوارے اور شعار اللہ میں سے ہیں‘مہتمم صاحبان

جمعہ 27 نومبر 2015 13:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء)دینی مدارس اورمساجد امن کے گہوارے اور شعار اللہ میں سے ہیں۔ مدارس اور مساجد سے امن ، سلامتی ، اخوت اور محبت کاپیغام عام کیاجائے۔ ماہ ربیع الاول کو ماہ امن وسلامتی اور ماہ تحفظ ناموس رسالت کے طورپر منایاجائے۔ 12ربیع الاول کو ریاستی دارالحکومت سمیت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور تعلیمی اداروں میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز کااہتمام کیاجائے۔

مدارس اور مساجد کے تحفظ کے لیے جان بھی قربان کی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کااظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحق ریاستی مدارس کے مہتمم صاحبان ، ذمہ داران ،خطباء وائمہ مساجد کے اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس کی صدارت سواداعظم اہل سنت والجماعت آزادکشمیرکے امیراوروفاق المدارس کی شوریٰ کے رکن مولانامفتی محمودالحسن شاہ مسعودی نے کی۔

(جاری ہے)

جبکہ اجلاس کا ایجنڈا ، قراردادیں ،اورلائحہ عمل اتحادتنظیمات مدارس آزادکشمیراور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کیطرف سے آزادکشمیرکے مسئول قاضی محمودالحسن اشرف نے پیش کیا۔ اجلاس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کیطرف سے ڈویژنل ،صوبائی، اورمارچ میں مرکزی سطح کے اجتماعات کے فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے تمام اجتماعات میں اہتمام سے شرکت کافیصلہ بھی کیاگیا۔

اجلاس میں ریاستی دارالحکومت مظفرآبادمیں اورخیبرپختونخواہ اور شمالی کشمیر کے مشترکہ اجتماع 14دسمبر کے لیے مولانامحمدفیاض ، مولاناعبدالماجد ، مولانا مفتی محمدشفیق میرپر مشتمل سہ رکنی مالیاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ اجلاس میں آزادحکومت کے محکمہ اموردینیہ کیطرف سے مدارس کی رجسٹریشن کے ترمیمی نوٹیفکیشن کو بنیادی انسانی حقوق کے مغائر قراردیتے ہوے تاریخ اجراء سے منسوخ کرنے اور مدارس کی رجسٹریشن کے لیے پاکستان میں رائج طریقہ کار اورفارم کے مطابق رجسٹریشن کے عمل کو فعال کرنے کامطالبہ کیاگیا۔

اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیراور چیف سیکرٹری کے ساتھ ملاقات کے لیے مولانامفتی محمودالحسن مسعودی ،کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفدبھی تشکیل دیاگیا۔ اجلاس میں وفاق المدارس العربیہ اور اتحادتنظیمات مدارس آزادکشمیر کی قیادت پر مکمل اعتمادکااظہارکیاگیا۔ اجلاس میں پیغام سیرت کوعام کرنے ،امن اور سلامتی کے پہلو کواجاگرکرنے کے لیے ربیع الاول میں تمام مساجد اورمدارس میں سیرت کانفرنسز اورسیمینارز منعقد کرنے کافیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں پولیس کیطرف سے مضافاتی علاقوں میں علماء کرام ،خطباء،اورذمہ داران مدارس کوہراساں کرنے پر تشویش کااظہارکیاگیا۔اجلاس میں آزادکشمیرکی معروف دینی درسگاہ جامعہ دارالعلوم الاسلامیہ وجامع مسجد خاتم البیینﷺ کے خلاف محکمہ مال اوربلدیہ مظفرآباد کے چند آفیسران کے طرز عمل پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے انکے خلاف توہین مساجد ومدارس اورمنافرت پھیلانے کی بناء پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائی کرنے کامطالبہ کیاگیا۔

اجلاس میں سواداعظم اہل سنت والجماعت آزادکشمیراورجے یوآئی کے مرکزی راہنماء مولاناحافظ حسین احمد، بزرگ عالم دین حضرت مولاناپیرعبدالحی ،امیرجماعت اہل حدیث پروفیسر شہاب الدین ،شیخ الحدیث مولانا شیر علی شاہ، مولانا عبدالواحد (کراچی) کے انتقال پرمرحومین کے ورثاء سے تعزیت کااظہار اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔ اجلاس میں بزرگ عالم دین مولاناقاضی منظورالحسن،مولاناقاری محمدافضل خان،مولاناقاری غلام سرور،مولانا عبدالماجد توحیدی،مفتی محمدشفیق میر،مولانامحمداختر، مولاناہارون الرشیدسمیت مدارس کے ذمہ داران اور خطباء اہل سنت والجماعت نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔

اجلاس میں ریاستی دارالحکومت میں مرکزی سطح کی قومی سیرت کانفرنس منعقد کرنے کابھی فیصلہ کیاگیا۔