فلمسٹار ثناء نے بھارتی انتہاء پسند تنظیم شیو سینا کو دہشت گرد قرار دیدیا

جمعہ 27 نومبر 2015 13:18

فلمسٹار ثناء نے بھارتی انتہاء پسند تنظیم شیو سینا کو دہشت گرد قرار ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) فلمسٹار ثناء نے بھارتی انتہاء پسند تنظیم شیو سینا کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے ، برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار ( یوسف خان ) ، سلمان خان ، عامر خان اور شاہ رخ خان جیسے فنکاروں کے ساتھ شیو سینا نے جس طرح کی زبان درازی کی اور ان کے خلاف زہر اگلا اس سے ثابت ہو گیا کہ بھارت میں صرف اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے ہندوؤں کی عزت ہے ۔

” اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب عالمی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی انتہاء پسند تنظیم شیو سینا کی دہشت گردی کیوں نظر نہیں آتی ۔

(جاری ہے)

اس پر خاموشی ایک بڑا جرم ہے اور انسانی حقوق کے علمبردار خاموشی کی وجہ سے اس جرم میں برابر کے شریک ہیں ۔ ثناء نے کہا کہ جہاں کہیں بھی انسانی حقوق اور انسانیت کی تذلیل ہو گی میں ہمیشہ ان مظلوم لوگوں کے ساتھ آواز بلند کرتی رہوں گی ۔

میں کبھی نہیں کہوں گی کہ بھارتی سٹار ملک چھوڑ کر پاکستان آجائیں ، بھارت ان کا گھر ہے اور کسی کو اجازت نہیں کہ وہ کسی کو اپنے گھر سے بے دخل کر یں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس وقت تک کسی بھارتی فلم میں کام نہیں کروں گی جب تک بھارتی انتہاء پسند اپنے جارحانہ رویے پر معافی نہیں مانگتے ۔

متعلقہ عنوان :