انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے مبینہ طور پر شراب نوشی کر کے طیارہ اڑانے والے گرفتار پائلٹ کوچودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 27 نومبر 2015 14:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 نومبر۔2015ء) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔تھانہ سرور روڈ کے تفتیشی افسرنے ملزم کیپٹن عصمت محمود کو سخت سکیورٹی میں ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا۔تفتیشی افسر نے کہا پائلٹ عصمت محمود نے شراب کے نشے میں دھت ہو کر طیارے کی اڑان بھری اور نشے کی حالت میں ہی طیارہ اڑاتا رہا جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارہ قابو نہ کر سکا جس سے طیارے میں موجود سو سے زائد مسافروں کی زندگی داو پر لگ گئی۔

تفتیشی افسر کی جانب سے کیپٹن عصمت محمود کو مزید جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔سول ایوی ایشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عصمت محمود کی میٹرک کی سندجعلی ہے جبکہ اسکے پاس پائلٹ ہونے کا جعلی لائسنس موجود ہے جبکہ عصمت محمود انسانی سمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کے وکیل نے کہا کہ عصمت محمود نے شراب پی کر طیارے کی اڑان نہیں بھری بلکہ طیارے میں فنی خرابی کے بعد اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور اس نے اپنی مہارت سے طیارے کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد تفتیشی افسر کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے پائلٹ عصمت محمود کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

متعلقہ عنوان :