قطر میں وٹس اپ پر دھمکیاں دینے پر خاتون کو6ماہ قید اور جرمانے کی سزا

جمعہ 27 نومبر 2015 14:48

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) قطر میں ایک عدالت نے خاتون کو موبائل فون ایپلی کیشن ”وٹس اپ“ کے ذریعے ایک مرد کو توہین اور دھمکی آمیز پیغام بھیجنے کے الزام میں 6ماہ جیل اور20 ہزار قطری ریال (5500 امریکی ڈالرز) جرمانے کی سزا سنادی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قطر میں ایک عدالت نے وٹس اپ پر دھمکیاں دینے کے الزام میں خاتون کو جیل کی سزا سنادی ہے ۔

اس خاتون پر اس کے لیے رہائش کا بندوبست کرنے والے ایک مرد کو دھمکی آمیز پیغام بھیجنے کا الزام تھا۔ اس کو قطر میں گذشتہ سال سے نافذ سائبر کرائم قانون کے تحت اس کی عدم موجودگی میں یہ سزا سنائی گئی ہے۔خاتون سے مالک نے مکان خالی کرالیا تھا جس پر وہ نالاں تھی اور وہ مکان کا بند وبست کرنے والے شخص کو دھمکیاں دینے پر اتر آئی تھی۔

(جاری ہے)

خاتون نے اس مرد کو ملک سے بے دخل کرانے کی بھی دھمکی دی تھی۔

قطر میں گذشتہ سال سے نافذ سائبر کرائم قانون کے تحت یہ پہلا مقدمہ ہے جس کا عدالت نے فیصلہ سنایا ہے اور عورت کو قصور وار قرار دے کر سزا دی ہے۔ناقدین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس نئے قانون کے نفاذ سے اظہار اور تقریر کی آزادی اور خاص طور پر آن لائن مواد کی اشاعت کے لیے حاصل آزادی محدود ہوکر رہ جائے گی۔اس قانون کے تحت ملک کی سماجی اقدار یا امن عامہ کے لیے ضرررساں مواد کی آن لائن اشاعت یا تشہیر کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔اس قانون کے تحت حکومتی نیٹ ورکس کو ہیک کرنے ،آن لائن فراڈ اور بچوں کی نازیبا تصاویر کی تشہیر پر جیل اور جرمانے کی سزائیں سنائی جا سکیں گی۔

متعلقہ عنوان :