ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کے لئے امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کل ہفتہ کو کیا جائے گا

جمعہ 27 نومبر 2015 14:52

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے آئندہ سالانہ انتخابات کے لئے امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان کل ہفتہ کو کیا جائے گا، پولنگ 30 دسمبر کو فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ہوگی۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک کے مطابق تمام صوبائی گروپ چیئرمین اور دیگر سینئر تاجر رہنما لاہور میں 20 رکنی کور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے جو ہفتہ کو ہوگا ۔

اجلاس میں سینئر نائب صدر کی ایک نشست اور 10 نیب صدور بشمول وومن نائب صدر کے لئے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سارک کے تاحیات رکن عبدالرؤف عالم گروپ سے صدارتی الیکشن لڑنے کے لئے پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان، بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، وفاقی علاقے اور فاٹا سمیت ملک بھر سے متعدد تاجروں نے کور کمیٹی کو اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں جو تمام صوبوں سے موزوں امیدواروں کا انٹرویو کرے گی۔

چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان ایس ایم منیر اجلاس کی صدارت کریں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ ملک بھر میں چیمبرز، اندراج شدہ تاجر تنظیموں اور انجمنوں کے حالیہ سالانہ انتخابات میں 90 فیصد نشستیں پہلے ہی جیت چکا ہے۔