مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹی آف پاکستان ملک میں ریسرچ کے فروغ کیلئے یورپ‘ بھارت سمیت دیگر ممالک کی مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔صائمہ قمر

جمعہ 27 نومبر 2015 14:58

لاہور۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 نومبر۔2015ء) پاکستان میں مارکیٹنگ ریسرچ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں متعارف ہونیوالے نئے برانڈز اور سروسز کی کامیابی کی غرض سے بہترین ریسرچ کیلئے اصول و ضوابط وضع کرنے کی ضرورت ہے‘ مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹی آف پاکستان ملک میں ریسرچ کے فروغ کیلئے یورپ‘ بھارت سمیت دیگر ممالک کی مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹیوں کے ساتھ رابطے کر رہی ہے۔

مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹی آف پاکستان کی صدر صائمہ قمر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹی ملک میں بہترین ریسرچ کے فروغ اور اس سے متعلق آگاہی کیلئے کام کر رہی ہے اس سلسلہ میں سیریز آف سیمینار کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹنگ ریسرچ انڈسٹری پاکستان میں بھی ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے اور گزشتہ 20 سے 22 سال کے عرصہ میں اسے ادارہ کی شکل نہیں دی جاسکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت ہم ایک ایسے مقام پر کھڑے ہیں جب پاکستان کی معیشت میں نئے برانڈز اور سروسز متعارف ہو رہی ہیں جن کی کامیابی کیلئے ریسرچ کے اصول و ضوابط وضع ہونے ضروری ہیں جس کیلئے مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹی آف پاکستان اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان میں مارکیٹنگ ریسرچ کے بانی حافظ آفتاب احمد نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ریسرچ ترقی کی طرف جارہی ہے اور مارکیٹنگ سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے ریسرچ کوئی اجنبی چیز نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ریسرچ ایجنسیوں میں تحقیق کا کافی رحجان بڑھ رہا ہے اور موجودہ مقابلہ کی فضاء نے انہیں ریسرچ کی طرف جانے پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹنگ ریسرچ سوسائٹی آف پاکستان کا ریسرچ کے اداروں کو اکٹھا کرنے اور ان کے مسائل کوحل کرنے میں بڑا کردار ہے۔

متعلقہ عنوان :