شعبہ لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے دیہی علاقوں میں سہولتیں بڑھائی جا رہی ہیں،محب اللہ خان

جمعہ 27 نومبر 2015 16:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک ،ماہی پروری اور امداد باہمی محب اللہ خان نے کہا ہے کہ سرکاری ادارے عوام کی سہولت کے لئے قائم کئے گئے ہیں اس لئے افسران و اہلکارلوگوں کے مسائل حل کرنے اورسہولتوں کی فراہمی کے لئے دلجمعی سے کام کریں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت غریبوں اور کسانوں کی زندگی بہتر بنانے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے اس لئے کسی بھی اہلکار کی جانب سے اس سلسلے میں سستی برتنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز بفلوبریڈینگ اینڈ ڈیری فارم ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے موقع پر بھینسوں کی افزائش کے نئے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی اور ڈیڈیک کمیٹی ڈی آئی خان کے چیئر مین سمیع اللہ علی زئی، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک شوکت علی یوسفزئی ،ڈی جی لائیو سٹاک تگوسیع ڈاکٹر شیر محمد ڈی جی لائیو سٹاک ریسرچ احمد نوید اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجوتھے۔

معاون خصوصی نے ڈیری فارم میں بھینسوں کی افزائش نسل کے منصوبے سے متعلق تفصیلی آگہی حاصل کی اور سٹیشن کی مختلف سیکشنوں کا دورہ بھی کیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں دوسرے اضلاع کی نسبت زراعت سمیت دودھ ا رو گوشت کی پیداوار کو فروغ دینے کے کافی مواقع موجود ہیں اور بھیڑ بکریوں کی افزائش کے لئے ماحول بھی کافی ساز گار ہے جن کی ترقی کے زریعے صوبے کی معیشت کو استحکام دینے کے ساتھ بیروزگاری میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک کا شعبہ ترقی کی جانب گامز ن ہو چکا ہے اور رواں سال میں مزید منصوبے شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری مشینری کو کرپشن اور نظام کی خرابیوں کو دور کر نے کے لئے جامع قانون سازی کی ہے جس سے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ جانوروں کی بیماریوں کے روک تھام کیلئے ویٹرنری کیمپ لگائیں اور فیلڈ میں نکل کر کام کریں۔