حکومت ملک کو مستحکم، خود مختار اور خوشحال بنانے کیلئے ہر قدم اٹھا رہی ہے ‘ ملک کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کئے ‘ وفاقی وزیر خزانہ

جمعہ 27 نومبر 2015 16:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مستحکم، خود مختار اور خوشحال بنانے کیلئے ہر قدم اٹھا رہی ہے اور ملک کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے بھی کئے ‘آپریشن فائنل فیز میں ہے، دہشت گردی کے مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھنکیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ ماضی میں وزیر اعظم کو بجٹ میں 42 فیصد اختیارات تھے تاہم وزیر اعظم نواز شریف نے بجٹ پر اپنے اختیارات زیرو کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو خود مختار اور مستحکم ملک دینا چاہتی ہے، ہر وہ قدم اٹھا رہے ہیں جو ملک اور قوم کے لیے بہتر ہے، وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ قرار دینے والوں کو دفن کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہاکہ ملک کی ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے مشکل فیصلے کئے، مثبت معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی ادارے دوبارہ پاکستان کا رخ کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1992 میں بیت المال کا آغاز کیا تھا ‘ غریبوں کے لیے انکم سپورٹ پروگرام مسلم لیگ نے ہی شروع کیا، غریب نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرکے کوئی احسان نہیں کر رہے ہیں بلکہ نوجوان ملک کا مستقبل اور قوم کا اثاثہ ہیں، غربت کی لائن سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کو بہتر زندگی دینے پر توجہ دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست نہیں ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر دور رس فیصلے کررہے ہیں، دہشت گردی کے گڑھ کو تباہ کیا جا چکا ہے ‘ آپریشن فائنل فیز میں ہے، دہشت گردی کے مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھنکیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے چیلنجز کو خندہ پیشانی سے قبول کیا، سیاست نہیں ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کر رہے ہیں۔ غریب نوجوانوں کو قرضے فراہم کر کے کوئی احسان نہیں کر رہے بلکہ آئندہ نسل کو خودمختار پاکستان دینے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔