الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 اضلاع میں فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی

جمعہ 27 نومبر 2015 16:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 اضلاع میں فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی جبکہ چیف الیکشن کمشنر سر دار محمد رضا نے کہاہے کہ انتخابات کے دور ان سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ‘فوج کی 44 اور رینجرزکی 8 کمپنیاں کوئیک رسپانس کے طورپرتعینات کی جائیں گی ‘ وزیراعظم ‘ وزراء اور حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں،کسی کی پراوہ کئے بغیر ڈیوٹی سرانجام دیں۔

چیف الیکشن کمشنر سرداررضا محمد کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب، سیکرٹری بلدیات، آئی جی، ڈی جی ملٹری سمیت الیکشن کمیشن کے حکام سمیت تمام 12 اضلاع کے ڈی آر اوز نے بھی شرکت کی ‘ اس موقع پر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے انتخابات کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے 12 اضلاع میں سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فوج کی 44 اور رینجرزکی 8 کمپنیاں کوئیک رسپانس کے طورپرتعینات کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پنجاب کیلئے 3 کروڑ 41 لاکھ 7 ہزار911 بیلٹ پیپرز ‘ سندھ میں 1 کروڑ57 لاکھ 67 ہزار674 بیلٹ پیپرز چھاپے جا رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا سلسلہ فوج کی نگرانی میں جاری ہے،انتخابات کے لیے پنجاب کے12 اضلاع ‘ سندھ میں کراچی کے 6 اضلاع میں پولنگ ہوگی۔

5 دسمبر کو پنجاب کے جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور،سیالکوٹ سمیت مظفرگڑھ ،لیہ ،رحیم یارخان، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، جھنگ اورراجن پور شامل ہیں۔ جب کہ پنجاب میں چیرمین،وائس چیرمین کے لئے نیلے رنگ کابیلٹ پیپرہوگا۔دوسری جانب سندھ کے اضلاع میں کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ، کراچی ساوٴتھ ، کراچی سینٹرل، کورنگی اورملیرکے اضلاع شامل ہیں جہاں چیرمین اوروائس چیرمین کے لئے سبزرنگ کا بیلٹ پیپر چھاپا جارہاہے ‘ مجموعی طور پر ایک کروڑ 57 لاکھ 67 ہزار 674 بیلٹ پیپرزچھاپے جائیں گے۔

اجلاس کے دور ان چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہاکہ وزیراعظم ‘ وزراء اور حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں،کسی کی پراوہ کئے بغیر ڈیوٹی سرانجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے ‘دوسرے کی طرح تیسرا مرحلہ بھی خوش اسلوبی سے منعقدکیا جائیگا ‘سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ تمام آفیسرز غیر جانبداری برتیں اور تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو یکساں میدان فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو شفاف الیکشن نظرآنا چاہیے ‘سیکیورٹی پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ‘ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائے۔