ملک کی اقتصادی ترقی و استحکام کیلئے خارجہ سرمایہ کاری ،برآمدات آور زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ کی اشد ضرورت ہے ‘عبدالباسط

جمعہ 27 نومبر 2015 16:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے کہاکہ ملک کی اقتصادی ترقی و استحکام کے لیے خارجہ سرمایہ کاری ،برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ کی اشد ضرورت ہے جو حکومت اور بزنس کمیونٹی کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہو سکے گا، کاروباری طبقہ کی تنظیمیں اپنے انتخابی عمل کے دوران اس ضمن میں اپنی جد و جہد کارکردگی اورآئندہ لائحہ عمل ضرور پیش کریں تاکہ ان کے ممبر کاروباری ادارے بہتر راستہ اختیار کر کے اپنی کارکردگی بڑھا سکیں اور سرمایہ کاری بورڈوں سمیت تمام متعلقہ حکومتی ادارے ان پروگراموں سے آگاہ ہو کر ضروری معاونت فراہم کر سکیں۔

اپنے ایک بیان میں ا نہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سرمایہ کاری راغب اور اشتراک عمل کی راہیں استوار کرنے کے لیے بھرپور جد و جہد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالباسط نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ بھاری سرمایہ کاری کے گرانقدر معاہدے زیر عمل ہیں ۔برادر ملک ترکی کے ساتھ وقت کے ساتھ ساتھ اعتمادکی فضا اور تجارتی حجم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عبدالباسط نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کانفرنسوں کے علاوہ وسط ایشیائی ممالک تاجکستان اور ازبکستان کے ساتھ متعددکاروباری شعبوں میں معاہدوں سے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے جد وجہد کا میدان وسیع ہونے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

اس لیے عبدالباسط نے کہا ہے کہ فیڈریشن پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایوانہا ئے صنعت و تجارت حکومت کی فراہم کردہ گراونڈ میں مذکورہ تمام ملکوں کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کر دیں ۔ان ملکوں کے دورے کریں اور انہیں اپنے ہاں آنے کی دعوت دیں تاکہ باہمی انڈر سٹینڈنگ بڑھے اور کاروباری راہیں کشادہ ہوں ۔

متعلقہ عنوان :