سینئر کالم نگار ودانشورسجاد میر سے افسران تعلقات عامہ کی غیررسمی نشست حالات حاضرہ، میڈیا کے کردار اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 27 نومبر 2015 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) سینئر کالم نگار، صحافی،دانشور و اینکرپرسن سجاد میر سے افسران تعلقات عامہ کی ڈی جی پی آر آفس میں غیررسمی نشست کا اہتمام ہوا جس میں حالات حاضرہ، میڈیا کے کردار بالخصوص الیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سجاد میر نے کہا کہ نوجوان افسران کو مطالعے کی عادت اپنانا چاہیے اور خود کو بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تیار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری میڈیا کی ساکھ میں بہتری لانے کیلئے افسران تعلقات عامہ کی حالات پر گہری نظر ہونی چاہیے۔ بدقسمتی سے معاشرے کے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا بھی انتشار کا شکار دکھائی دیتا ہے لیکن میڈیا منیجرز کو موجودہ حالات میں رہتے ہوئے اپنی جگہ بنانا ہے اور اپنا موٴقف لوگوں تک پہنچانے کی راہ نکالنا ہے۔ سجادمیر نے کہا کہ الیکٹرانک کے مقابلے میں پرنٹ میڈیا زیادہ ذمہ دارانہ کردار ادا کرسکتا ہے۔ سجاد میر نے پبلک ریلیشنز افسران سے سوال و جواب کا سیشن بھی کیا۔ ڈی جی پی آر جہانگیر انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔