یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں غیر تدریسی اور انتظامی سٹاف کیلئے دوسری 3روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی

جمعہ 27 نومبر 2015 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں غیر تدریسی اور انتظامی سٹاف کیلئے دوسری 3روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ورکشاپ کا انعقادیو ایچ ایس میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے کیا۔پروگرام کی فوکل پرسن ڈاکٹر آمنہ احمد جبکہ کوآرڈینیٹرڈاکٹرعمیرہ احسان تھیں۔

ایچ ای سی کے ماڈرن یونیورسٹی گورننس پروگرام کے تحت منعقد ہونی والی ان ورکشاپس کا مقصد اعلیٰ تعلیمی اداروں میں غیر تدریسی اور انتظامی عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور گڈ گورننس کو فروغ دینا ہے۔ اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی ایچ ای سی اسلام آباد کی ممبر لرننگ انوویشن اینڈ سپورٹس ڈویژن شاہین خان تھیں۔ 3روزہ ورکشاپ کے دوران یو ایچ ایس اور اس کے الحاق شدہ اداروں کے 83سٹاف ممبرز کو آفس ایڈمنسٹریشن، اکاؤنٹینگ، لیڈر شپ، فنانشل مینجمنٹ اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے حوالے سے تریبت دی گئی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے سہولت کاروں میں بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر احسان الحق ، ڈاکٹر اسد ظہیر، ساجد علی ندیم اور ڈاکٹر سدرہ سلیم شامل تھیں۔ اس موقع پر یو ایچ ایس کے ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر آئی اے نوید نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ان ورکشاپس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ تعلیمی اداروں میں انتظامی عملے کا بہت اہم کرادار ہوتا ہے لیکن جب بھی آن جاب تربیت کی بات آتی ہے تو یہ لوگ نظر انداز ہوجاتے ہیں۔ ان ورکشاپس کے ذریعے غیر تدریسی عملے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ بعدازاں ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے۔