اسلام دشمن قوتیں فحاشی و عریانی کے ذریعے قوم کو دین سے دورکرنے کی سازشیں کر رہی ہیں‘محمد یعقوب شیخ

گناہوں و نافرمانیوں کی وجہ سے رب کی پکڑ آتی ہے،گناہوں کی معافی مانگ کر اﷲ سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے ‘ رہنماء جماعہ الدعوۃ

جمعہ 27 نومبر 2015 17:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء )جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ وطن عزیزپاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات درپیش ہیں، اسلام دشمن قوتیں فحاشی و عریانی کے ذریعے قوم کو دین سے دورکرنے کی سازشیں کر رہی ہیں،کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے، ہر کشمیری پاکستانی پرچم لہرانا فخر سمجھتا ہے،قیام پاکستان کے وقت پوری قوم کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد ہو ئی اور پاکستان ایک طاقتور ملک کے طور پر سامنے آیاآج پھر اسی نظریہ کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی آفت زلزلہ ،سیلاب،قحط یا حادثے کی صورت میں جماعۃ الدعوۃ کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکار سب سے پہلے پہنچ کر ریلیف کا کام سرانجام دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں ایل ڈی اے پلازہ والا سانحہ ہو یا سندر اسٹیٹ کا حادثہ،فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے نہ صرف لاشیں نکالیں بلکہ ملبے تلے دبے افراد کو زندہ بھی نکالا۔

اسوقت بھی فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکار آواران بلوچستان،تھر ،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان،چترال،سوات میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔حکومت نے جماعۃ الدعوۃ کی میڈیا کوریج پیمرا کے ذریعے بند کروا دی ہے۔فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کسی کوریج کی محتاج نہیں ۔ہم رب کی رضا کے لئے کام کرتے ہیں۔کامیابی حاصل کرنے اور منزل تک پہنچنے کے لئے اچھے کردار کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دس سال قبل آنے والے زلزلے کے بعد بھی ہم نے رب کی نافرمانیوں کو نہیں چھوڑا۔2005میں زلزلہ آیا تھا اب 10سال بعد دوبارہ زلزلہ آیا۔پہلے زلزلے میں لوگ بے گھر ہوئے۔زلزلہ زمین کا لرزنا ہے جو سب کو نظر آتا ہے یا محسوس ہوتاہے مگر سوچنے کی بات ہے کہ زمین کانپ اٹھی ہمارے دل اورضمیر کیوں نہیں کانپے۔دس سال قبل زلزلہ دیکھنے والا جن گناہوں کا مرتکب تھا آج بھی وہی گناہ کر رہا ہے۔

سود ی معیشت کا نظام چل رہا ہے۔ہم نے زلزلوں سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔اگر رب سے ڈرتے تو گناہوں سے دور رہتے۔فحاشی و عریانی بڑھ چکی ہے۔ہم گناہوں کی دلدل میں پھنستے جا رہے ہیں۔جن چیزوں کو اﷲ نے حرام قرار دیا ہے ہم ان چیزوں سے نہیں رک رہے۔قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ تبدیلی زندگی میں اور اعمال میں ہونی چاہئے۔اگر ہم رب کی بغاوت کر رہے ہیں تو اسکے فرمانبردار بن جائیں۔

گناہوں و نافرمانیوں کی وجہ سے رب کی پکڑ آتی ہے۔گناہوں کی معافی مانگ کر اﷲ سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور عقیدہ توحید پر رہ کر دین اسلام کی سربلندی کے لئے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری آج ببانگ دہل کہہ رہے ہیں کہ ہم پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔ کشمیری جماعتوں کا آپس میں اتحاد کشمیر کی آزادی قریب ہونے کی علامت ہے۔پاکستان پرچم لہرانے پر کشمیریوں کو پابند سلاسل کیا جاتا ہے۔ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائی جاتی ہیں لیکن ان کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی اور یہ سلسلہ دن بدن مزید تیز ہو رہا ہے۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ آج ہر کشمیری غاصب بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود پاکستانی پرچم اٹھائے کھڑا ہے۔