وزارت قومی صحت اور سٹیٹ لائف مابین وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت خدمات کی فراہمی کے کنٹرکٹ پر دستخط

پہلی بار ایک انقلابی پروگرام کے تحت یہ تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی، وزیرمملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑکاتقریب سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 18:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) وزار ت قومی صحت اور سٹیٹ لائف کارپوریشن کے درمیان معاہدہ پر دستخط کر دیئے گئے ۔ جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں ایک اعلی سطحی تقریب کے دوران وزارت قومی صحت کی طرف سے سیکرٹری وزارت قومی صحت محمد ایوب شیخ نے دستخط کئے۔ جبکہ سٹیٹ لائف کی طرف سے نرگس گھلو، چیئرپرسن نے دستخط کئے۔

اس موقع پر وزیرمملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ بھی موجود تھیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ یہ ایک تاریخ ساز دن ہے۔ جب ہم عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ لائف کارپوریشن کا ایک انتہائی شفاف طریقہ کار کے تحت وزیر اعظم کے قومی پروگرام ہیلتھ انشورنس کے تحت خدمات فراہم کرنے کے لیے انتخاب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت غریب عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم ہو سکیں گی اور ملک میں پہلی بار ایک انقلابی پروگرام کے تحت یہ تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ابتدائی طورپر یہ سہولیات 23 اضلاع میں تقریبا 31 لاکھ خاندانوں کو فراہم کی جا رہی ہیں اور جلد ہی ان سہولیات کا جال ملک کے کونے کونے ، چپے چپے میں پھیلا دیا جائے گا۔ واضع رہے کہ یہی اصل تبدیلی ہے جس کا عوام سے مسلم لیگ کے منشور میں وعدہ کیا گیا تھا ۔ آج وہ وعدہ عملی طور پر پورا کیا جا رہا ہے۔