مسئلہ کشمیر کے خلاف مودی سرکار کی سب سازشیں دم توڑ چکیں‘ حریت قیادت کی نظربندیاں اور قتل وغار ت گری بھی کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کر سکی‘کشمیر کے ہر گلی کوچے میں پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں‘ اتحادیوں کے خطہ سے نکلنے کے بعد کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رہ سکے گا ‘فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے‘باہمی لڑائی جھگڑے ختم اور ملک میں اتحادویکجہتی کاماحول پیدا کیا جائے

امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان حافظ سعید کاجامع مسجد شمیم ڈی سی کالونی گوجرانوالہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 18:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے خلاف مودی سرکار کی سب سازشیں دم توڑ چکیں‘حریت قیادت کی نظربندیاں اور قتل وغار ت گری بھی کشمیریوں کا جذبہ حریت سرد نہیں کر سکی‘کشمیر کے ہر گلی کوچے میں پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں‘ اتحادیوں کے خطہ سے نکلنے کے بعد کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رہ سکے گا ‘ سود اﷲ اور اس کے رسول سے کھلی جنگ کے مترادف ہے‘ اسے ختم کرنے سے آسمانوں سے اﷲ کی رحمتیں و برکتیں نازل ہوں گی اور پاکستان کے تمام معاشی مسئلے حل ہوجائیں گے‘فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے‘باہمی لڑائی جھگڑے ختم اور ملک میں اتحادویکجہتی کاماحول پیدا کیا جائے۔

(جاری ہے)

وہ جامع مسجد شمیم ڈی سی کالونی گوجرانوالہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرشہر بھر سے طلباء، وکلاء، تاجروں، کسانوں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ اداکی۔ نماز جمعہ کے دوران شدید رش دیکھنے میں آیا۔ مسجد کے باہر وسیع و عریض گراؤنڈمیں بھی ہزاروں افراد کیلئے نماز کا انتظام موجود تھا۔

جماعۃالدعوۃ کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ہر شخص کی مکمل جامہ تلاشی کے بعد انہیں مسجد اور پنڈال میں جانے کی اجازت دی گئی۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ فرقہ واریت سے امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دین اسلام کو مسجد کی چار دیواری تک محدود نہیں رکھنا بلکہ اس کی روشنی کو دنیا میں پھیلانا ہے۔

اگرچہ بہت مسائل اور رکاوٹیں ہیں لیکن اﷲ کے فضل وکرم سے مخلص بندے ہر قسم کے مفادات سے بالاتر ہو کر دین کے غلبہ کی خاطر قربانیاں پیش کررہے ہیں جس سے دنیائے کفر پریشان ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے نظاموں کو خطرات لاحق ہیں۔ بیرونی قوتوں کو اس وقت سخت پریشانی لاحق ہے۔ انہیں پوری دنیا میں اسلام پھیلتاہوا نظر آرہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دین اسلام کی تبلیغ اور ترویج و اشاعت کا کام کرنے والوں کے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں مسلمانوں کی غفلت کی وجہ سے صلیبیوں نے بیت المقدس، شام اور دیگر علاقے قبضہ میں لے لئے اور پھر وسائل اپنے کنٹرول میں لیکر استعماری نظام قائم کئے۔اس مادیت اور ان کے سیاسی و معاشی نظاموں کا نتیجہ یہ نکلا کہ اعلیٰ اخلاق و اقدار کا خاتمہ ہو گیا۔ صلیبیوں نے ایسے تعلیمی ادارے قائم کئے اور اپنے کلچر کے ذریعہ ایسے حالات پیدا کئے کہ انگریز تو چلا گیا مگر ان کے نظام ابھی تک چل رہے ہیں اور مسلمان ملک فکری طور پر بھی غلامیوں کا شکار نظر آتے ہیں۔

لیکن اس وقت صورتحال یہ ہے کہ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں اﷲ تعالیٰ دنیا کا منظر بدل رہا ہے۔یہ اﷲ کا قانون ہے کہ جب ظلم حد سے بڑھتا ہے تو پھر وہ اس ظلم کا خاتمہ کر دیتا ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ مودی سرکار کی سرپرستی میں نہتے کشمیریوں پر مظالم دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، سیدہ آسیہ اندرابی و دیگر قائدین کو نظربند رکھا گیا ہے۔

اسی طرح ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود تحریک آزادی کشمیر بھرپور انداز میں جاری ہے ۔ پورے کشمیر میں اس وقت پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں اور بھارت اپنی تمامتر کوششوں کے باوجودکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کمزور کرنے کی سازشوں میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرے۔

انہوں نے کہاکہ حکمران ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا چاہتے ہیں لیکن صورتحال یہ ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا نا دہندہ ہے اور قسطیں دینے کیلئے مزید سودی قرضے لینا پڑتے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کو چاہیے کہ وہ اﷲ کے قرآن کی تعلیمات پر عمل کریں اور آئندہ سودی قرضے لینا بند کریں۔ ملک سے بھی سودی نظاموں کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ نماز ، روزہ کی طرح مسلمانوں کا ہر عمل قرآن و سنت کے مطابق ہونا چاہیے۔ ہر شخص کو اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔ اگر ہر مسلمان اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائے تو آپس کے سب لڑائی جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیا میں اسلام او ر کفر کی جنگ جاری ہے۔ ہم نے دنیائے کفر کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ان شاء اﷲ بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جلد کامیاب ہو گی۔انہوں نے کہاکہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعۃالدعوۃ کی کوریج پر پابندیاں ہمیں دین کی دعوت و تبلیغ اور ریلیف سرگرمیاں سرانجام دینے سے نہیں روک سکتیں۔ جب مسلم ملک کفارکی غلامیوں سے نکلیں گے تو اس طرح کی سب پابندیاں بھی دم توڑ جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :