اے این ایف کی 6 مختلف کارروائیوں میں 241کلو گرام منشیات برآمد، 2ملزمان گرفتار

جمعہ 27 نومبر 2015 18:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) اے این ایف نے ملک کے مختلف حصوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف 6 کارروائیوں کے دوران 180 کلو گرام افیون، اور 61 کلو گرام چرس اور 375گرام ہیروئن برآمد کر لی ،جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا اور منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونیوالی ایک گاڑی ضبط کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق،اے این ایف راولپنڈی نے سوہاوہ بس سٹاپ جی ٹی روڈ جہلم پر پشاور سے تعلق سے تعلق رکھنے والے ارمان شاہ نامی منشیات لانے والے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے میانوالی تلہ گنگ روڈ پر واقع نمل کالج کے قریب ایک سنگل کیبن گاڑی کو تحویل میں لیکر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 43.2 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

تاہم گاڑی میں سوار ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔اے این ایف کراچی نے کوریئز سروس کمپنی کراچی کے دفتر سے برطانیہ بھجوانے والا ایک پارسل قبضے میں لیکر اس میں موجود کتابوں کے اندر چھپائی گئی 375 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔مذکورہ پارسل میر پور کے رہائشی شوکت نامی شخص کی طرف سے بُک کروائی گئی تھی۔

اے این کراچی نے ایک اور کارروائی کے دوران ایوب گوٹھ کراچی کے علاقے سے پرویز عرف پہلوان نامی مقامی منشیات فروش کو حراست میں لیکر اس کے قبضے سے 1.04 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔اے این ایف کوئٹہ نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین کے علاقے یک مچھ کے ایک غیر آباد مقام سے 180 کلو گرام افیون قبضے میں لے لی جو مبینہ طور پر کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے رکھی گئی تھی، جبکہ ایک اور کارروائی کے دوران ضلع کیچ تحصیل تربت میں واقع ایئر پورٹ چوک کے قریب ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران 15 کلو گرام چرس اور 635 بوتل شراب قبضے میں لے لی۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :