پہلی بین الاقوامی پاکستان گرین بلڈ نمائش اور کانفرنس کا افتتاح

وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے افتتاح کیا ،صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی شرکت

جمعہ 27 نومبر 2015 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کم لاگت ماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے بلڈنگ کنسٹرکشن انڈسٹری کے فروغ کے لئے نجی شعبے کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے -انہوں نے یہ بات آج لاہور ایکسپو سنٹر میں پہلی تین روزہ بین الاقوامی پاکستان گرین بلڈ (BUILD)نمائش اور کانفرنس کا افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی-صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ ارشد ،ڈائریکٹر پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد ایوب،نمائندہ پاکستان جرمن بزنس فورم محمد یاسین ،سی ای او فکت (Fakt)ایگزیبیشن ،سی ای او پاکستان گرین بلڈنگ کونسل عقرب علی رانا اور نمائش میں شرکت کرنے والے صنعتکاروں ،تاجروں او رکاروباری حضرات اس موقع پر موجود تھے-وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ نمائش کا مقصد پاکستان کی تعمیراتی صنعت میں ارزاں ،ماحول دوست سبز تصورات کے طرز عمل اور نئی جدتوں کو متعارف کرانا ہے -انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائش سے نہ صرف متعلقہ کاروباری حضرات ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہیں بلکہ تجارتی و کاروباری سرگرمیو ں کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے -انہو ں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت میں ماحول دوست ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعمیراتی صنعت کی پیدواری صلاحیت بڑھانے میں بھی بے حد مدد ملتی ہے-چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ یہ نمائش تعمیراتی صنعت میں پیش آنے والے اہم چیلنجز اور مواقع کے بارے میں ایک دوسرے کے خیالات سے آگاہ ہونے کے لئے مثالی پلیٹ فارم ثابت ہو گی -نمائش میں چین ،بھارت،اٹلی اور سری لنکا کے علاوہ پاکستان بھر سے کنسٹریشن بلڈنگ انڈسٹری سے وابستہ کاروباری افراد اور ماہرین تعمیرات شرکت کر رہے ہیں -نمائش میں پچاس سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے سو سے زائد سٹالز لگائے ہیں -نمائش کے علاوہ ایکسپوسنٹر میں تعمیرات کے جدید تصورات پر تبادلہ خیال کے لئے دو روز ہ کانفرنس بھی منعقد ہو گی جس میں اعلی معیار کی تحقیق کے نتائج کی تازہ ترین تکنیکی معلومات کے باہمی تبادلے،عمارات اور تعمیراتی صنعت کے مستقبل کی ترجیحات کی تشکیل اور متعلقہ شعبے کے حوالے سے نئی پیش رفت پر اظہار خیال کیا جائے گا -پاکستان گرین بلڈ نمائش کا مقصد آرکیٹک ،بلڈرز اور کنسٹرکٹر حضرات کو مقامی او ربین الاقوامی کمپنیوں کی ماحول دوست مصنوعات ،مارکیٹ کے رجوعات کے اضافے ،نئی ایجادات اور نظریات کے فروغ اور جدید آلات و مشینری سے متعارف کروانا بھی ہے -یہ ایکسپو مختلف ملکو ں کے درمیان تجارت کے فروغ ،اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں مدد گار ثابت ہو گی -