اپوزیشن والے حکومت کی آڑ میں ریاست پرحملے نہ کریں‘ نوازشریف کے ہوتے پاکستان کے اقتداراعلیٰ پرآنچ نہیں آسکتی مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے رہنماؤں حناملک ا ور اقبال سندھو کی اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے بات چیت

جمعہ 27 نومبر 2015 18:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اقبال سندھو اورمسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین برطانیہ کی سیکرٹری جنرل حِنا ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کسی صورت پاکستان کے اقتداراعلیٰ پرآنچ نہیں آنے دینگے،اس نازک دورمیں ہماراملک تعصبات اورمنافرت کامتحمل نہیں ہوسکتا،اپوزیشن والے حکومت کی آڑ میں ریاست پرحملے نہ کریں،عوام نے ووٹ سے نفاق اورنفرت کی سیاست کوراوی بردکردیا، اگرپاکستان میں گڈگورننس نہ ہوتی توبیرونی سرمایہ کار وہاں کارخ نہ کرتے مگر اس کے باوجود کچھ مسترداورمایوس سیاسی عناصر حکومت کوزچ کرنے جبکہ بیرونی سرمایہ کاری روکنے کیلئے بیڈگورننس کاڈھول پیٹ رہے ہیں ، ریاست ماں ہوتی ہے ،جبکہ کچھ لوگ پاکستان کی منتخب وفاقی حکومت کے ساتھ دشمنی کی آڑمیں ریاست کے ساتھ سیاست کررہے ہیں،ریاست کے ساتھ سیاست اورپاکستان کے قومی مفادات پرحملے کرنیوالے قابل اعتماد نہیں ہوسکتے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو پارٹی آفس میں اوورسیزپاکستانیوں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پرسیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔قومی مفادات پرتنازعات کھڑے کرنیوالے بیرونی دشمنوں سے بڑے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کے خلوص اورصادق جذبوں کی بدولت اقتصادی راہداری منصوبہ کامیابی سے ہمکنارہوگاجبکہ رکاوٹیں حائل کرنیوالے عناصر اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ونامرادہوں گے۔

ماضی کی نااہل حکومت نے پاکستان کومعاشی طورپردیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کے ویژن کومشعل راہ بناتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار قومی معیشت کوٹیک آف کی پوزیشن پرلے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے انتہائی ناگزیر صورت میں آئی ایم ایف سے قرض لیا ،اپوزیشن غلط اعدادوشمار کی آڑ میں عوام کوگمراہ نہ کرے ۔پاکستان کی معاشی خودکفالت وزیراعظم میاں نوازشریف کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔