خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے صو بے میں ہیلتھ ریسرچ کے مضمون میں ماسٹر پروگرم کا آغاز کر کے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اﷲ کا تقریب سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2015 18:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء )خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اﷲ نے کہا ہے کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے صوبہ خیبر پختون خوا میں ہیلتھ ریسرچ کے مضمون میں ماسٹر پروگرم کا آغاز کر کے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی مصلحت سے کام نہیں لیا جائے گا۔

وہ ماسٹر ان ہیلتھ ریسرچ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر فضل محمود ،کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شہناز اختر اور کنسلٹنٹ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈاکٹر تسلیم اختر کے علاوہ یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران اور ماسٹر ان ہیلتھ ریسرچ پروگرام(ایم ایچ آر) کے نئے داخل ہونے والے طلبہ اور طالبات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسرڈاکٹر محمد حفیظ اﷲ نے کہا کہ اس نئے کورس کا آغاز اس حوالے سے اہمیت کا حامل ہے کہ اب تک ہمارے صوبے میں صحت کے شعبے میں تحقیق کے لئے الگ سے کوئی باقاعدہ ماسٹر پروگرام موجود نہیں تھا لہٰذا اس ضمن میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ایم ایچ آر کی صورت میں جو قدم اٹھایا ہے وہ ہر لحاظ سے لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ اکیڈیمکس اور ریسرچ میں اعلیٰ ترین معیار کا حصول خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا بنیادی ہدف ہے اور ان دو امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گااور اس سلسلے میں مقامی،ملکی اور بین الاقوامی سطح پر دستیاب تمام ممکنہ افرادی اور مادی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے تعلیمی اداروں میں ریسرچ کا کلچر نہ ہونے کے برابر تھا یہی وجہ ہے کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے اب تک نظر انداز اس اہم شعبے کو ترجیح دیتے ہوئے ایم ایچ آر پروگرام کے آغاز کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحقیق کی ویسے تو تمام شعبہ ہائے ذندگی میں اہمیت مسلمہ ہے لیکن شعبہ صحت میں چونکہ اس کی اہمیت کئی گنا ذیادہ ہے اس لئے خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ اس اہم شعبے میں ماسٹر پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

انہوں نے اس پروگرام کی روح رواں یونیورسٹی کی کنسلٹنٹ آر اینڈ ڈی ڈاکٹر تسلیم اختر کی شعبہ صحت میں تحقیقی کلچر کو فروغ دینے اور ہیلتھ ریسرچ کو ادارہ جاتی طور پر متعارف کرانیکی کوششوں کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ ایم ایچ آر پروگرام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔آخر میں پروفیسر حفیظ اﷲ نے یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ کیک کاٹ کر ایم ایچ آر پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔