وزیراعظم نواز شریف کی ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات

پاکستان برطانیہ اور دولت مشترکہ کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت،خطے میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے، وزیراعظم نواز شریف

جمعہ 27 نومبر 2015 20:20

مالٹا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کا دوست اور قابل شراکت دار ہے ، امن کیلئے بھارت کے ساتھ پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کے لئے تیار ہیں ، دولت مشترکہ سربراہ اجلاس سے قبل مالٹا میں موجود برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک برطانیہ تعلقات ، افغانستان اور خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پاکستان برطانیہ اور دولت مشترکہ کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور برطانیہ کو اپنا دوست اور قابل شراکت دار سمجھتا ہے انہوں نے کہاکہ کثیر الجہتی چیلنجز کے تناظر میں دولت مشترکہ کہ ممالک کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت ہے افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں مفاہمتی عمل میں امریکہ ، چین اور دوسرے ممالک کی شرکت معاون ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے اور ہم نے دو سال میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے ہم امن کیلئے بھارت کے ساتھ بغیر پیشگی شرائط کے مذاکرات کے لئے تیار ہیں ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے