Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ برطانیہ کے حوالے سے تبادلہ خیال

جمعہ 27 نومبر 2015 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، میرے دورہ برطانیہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوگا،برطانیہ کیساتھ ایڈ کی بجائے ٹریڈ چاہتے ہیں اور تعلقات کو پائیدار اقتصادی روابط میں بدلنے کے خواہاں ہیں، برطانیہ تعلیمی اوردیگر متعدد شعبوں میں صوبہ پنجاب کی قابل قدر معاونت کر رہا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیراحمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ برطانیہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں اوورسیزپاکستانیز کمیشن کے قیام سے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم میسر آیا ہے۔

اوورسیزپاکستانیز کمیشن دیارغیر میں موجود پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے صوبے میں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں انقلابی اقدامات کرکے عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ہر شعبے میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کراکے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ہماری عملی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مسلم لیگ (ن) آئندہ بھی کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر عوام کا اعتماد ہی ہمارے لئے سب سے بڑا سر ٹیفکیٹ ہے۔ لارڈ نذیر احمد نے وزیراعلیٰ کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ شہبازشریف نے پنجاب میں جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات