پاکستان برطانیہ کو اپنی قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے ، دولت مشترکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں ،کثیر الجہتی چیلنجز کے تناظر میں رکن ملکوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے

وزیراعظم نواز شریف کی دولت مشترکہ سربراہ کانفرنس کی سائیڈ لائن پر برطانوی ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 20:59

ویلیٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کو اپنی قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے اور دولت مشترکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،کثیر الجہتی چیلنجز کے تناظر میں رکن ملکوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں دولت مشترکہ کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کو اپنا قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار سمجھتاہے، دونوں ملکوں کے دیرینہ مضبوط تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے پرعزم ہے، گزشتہ دو سال میں دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، خطے میں قیام امن کیلئے بھارت کے ساتھ پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، مفاہمتی عمل میں چین ، امریکہ اور دوسرے دوست ملکوں کی شمولیت معاون ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں قیام امن کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔