مولانا فضل الرحمان نے اقتصادی راہداری کو ڈیرہ شہر سے دور گذارنے کا مجوزہ منصوبہ مسترد کردیا

نیشنل ہائی وے کے حکام کو اقتصادی راہداری روٹ کو چشمہ رائٹ بنک کینال کے قریب سے گذارنے کی ہدایت

جمعہ 27 نومبر 2015 21:02

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاک چین اقتصادی راہداری کو یارک سے درابن تک کے علاقہ میں ڈیرہ شہر سے دور گذارنے کے مجوزہ منصوبے کو مسترد کردیا اور نیشنل ہائی وے کے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری روٹ کو چشمہ رائٹ بنک کینال کے قریب سے گذارا جائے ، وفاقی دالحکومت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر پلاننگ مختار احمد درانی نے مولانا فضل الرحمان کو خیبرپختونخواہ کی حدود میں اقتصادی راہدای کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پرسینیٹ کی کمیٹی برائے اقتصادی راہداری کے ممبر سینیٹر طلحہ محمود اور نیشنل ہائی وے کے جی ایم ڈیزائنگ بھی موجود تھے، حکام نے مولانا کوبتایا کہ مذکورہ روٹ کے لیئے وفاقی کی جانب سے تاحال چالیس ارب روپے ریلیز کردئے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلہ میں کنڈل سے یارک اور یارک سے یہ روٹ درابن تک جائے گا جس پر مولانا فضل الرحمان نے یارک سے درابن تک کے مجوزہ روٹ پر اپنے تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یارک سے درابن تک کے علاقہ میں ڈیرہ اسما عیل خان شہر بہت دور رہ جائے گا جو اس علاقہ کی ترقی کے ضروری تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں انہوں نے نیشنل ہائی وے کے حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ روٹ کو ڈیرہ اسما عیل خان شہر کے قریب کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ چشمہ رائیٹ بنک کینال کے قریب کے علاقہ سے یہ روٹ گذارا جائے تاکہ ڈیرہ کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل ہونے کا موقع ملے اور زیادہ سے زیادہ آبادی خوشحال ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :