نوابزادہ یوسف ہوتی کی مسلم لیگ (ق)میں شمولیت، پارٹی کے مرکزی نائب صدر مقرر

جمعہ 27 نومبر 2015 21:18

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء)مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے مشہور مسلم لیگی رہنما عبد الغفور خان ہوتی کے پوتے نوابزادہ یوسف خان ہوتی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے نوابزادہ یوسف خان ہوتی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوسف خان ہوتی کے پارٹی میں شمولیت کرنے سے نوجوانوں میں ایک امید پیدا ہوگی کہ وہ پاکستان کی بہتر طور پر خدمت کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا پلیٹ فارم تمام نوجوانوں کیلئے کھلا ہے، نوجوان اس ملک کا مستقبل اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سیاست میں ضرور موقع ملنا چاہئے اور ہماری پارٹی سب کو یہ موقع فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوابزادہ یوسف خان ہوتی کی پارٹی میں شمولیت کی با ضابطہ تقریب جلد منعقد ہو گی۔

اس موقع پر نوابزادہ یوسف خان ہوتی نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ پارٹی اور قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ بعد ازاں چودھری شجاعت حسین نے نوابزادہ یوسف ہوتی کو پارٹی کا مرکزی نائب صدر مقرر کیا۔ اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکریٹریٹ نے ان کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔