Live Updates

اسلام آباد میں تحریک انصاف کا جلسہ، عمران خان تمام رکاوٹیں عبور کر کے جلسہ گاہ پہنچ گئے

جمعہ 27 نومبر 2015 21:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) سربراہ تحریک انصاف عمران خان کھیتو ں کے راستے تمام رکاوٹیں توڑ کرجلسہ گاہ میں پہنچ گئے،پولیس کی عمران خان کوجلسے سے روکنے کی کوشش ،روٹ تبدیل کرکے اچانک جلسہ گاہ پہنچ گئے۔جمعہ کوتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں منعقد کردہ جلسے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روکنے کی کوشش کے باوجود جلسہ گاہ پہنچ گئے۔

ضلعی انتظامیہ نے وارننگ جاری کی تھی کہ سیکیورٹی خدشات کے سبب عمران خان جلسے سے خطاب نہ کریں۔عمران خان جب خیبر پختونخواہ ہاؤس سے روانہ ہوئے تو انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے انہیں روکنے کی کوشش کی تاہم عمران خان تمام رکاوٹیں عبور کرکے جلسہ گاہ پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے ہمراہ ابرارالحق اور اسد عمر بھی موجود تھے جبکہ جلسہ گاہ میں تحریک انصاف کی مقامی قیادت کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور اسلام ا?باد کی مقامی پولیس نے عمران خان کو جلسہ گاہ پہنچنے سے روکنے کے لئے کئی اقدامات کئے تھے جن میں جلسہ گاہ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کو دوسرے راستوں پرگامزن کرنا بھی شامل ہیں۔پنڈال میں کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کا جلسہ انتظامیہ کے لیے امتحان بن گیا۔ اسلام آباد کی کئی شاہراہیں سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث ٹریفک جام کا شکار ہوگئیں۔

صبح ہی سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوئی۔ اس ساری صورتحال میں شہری شدید پریشانی کا شکار ہوئے۔شام ڈھلتے ہی دفاتر سے گھروں کو روانہ ہو نے والوں کو سڑکوں پر شدید ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر جلسہ گاہ کے قریب کے علاقوں اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی صورت حال بدترین رہی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات