شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے272ویں سہ روزہ عرس کے موقع پر زائرین کو ہر ممکن سہولت دینے کیلئے تمام تر مطلوبہ اقدامات کئے ہیں، ڈپٹی کمشنر مٹیاری

جمعہ 27 نومبر 2015 22:08

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء)ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام مرتضیٰ شیخ نے کہا ہے کہ معروف صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے272ویں سہ روزہ عرس کے موقع پر زائرین کو ہر ممکن سہولت دینے کیلئے تمام تر مطلوبہ اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ ان کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھی سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات ہیں۔وہ عرس کی مختلف تقریبات کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی غلام مرتضیٰ شیخ نے کہا کہ شاہ سائیں کے عرس مبارک کے موقع پر چار سے پانچ لاکھ لوگ آنے کی توقع ہے اس لیے ان کی سہولت کیلئے 28سبیلیں ، طبی کیمپیں ، 10ایمبولنسیں ،بیت الخلاء سمیت دیگر سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ پانچ فائر برگیڈ کی گاڑیاں بھی میلے پر موجود ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ واقعے سے نمٹہ جا سکے ضلع کے تمام ہسپتالوں ، صحت مراکز سمیت گردو نواح کی ہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کیا گیا ہے، سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ2400 پولیس اہلکاروں کے علاوہ 70جوانوں پر مشتمل قاسم رینجرز کی فورس بھی میلے میں گشت کر رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ہوٹلوں پر کھانے بھی چیک کیے جا رہے ہیں اور انٹیلیجنس نیٹ ورک کو مؤثر بنایا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ زائرین کی شکایات کی ازالے اور کسی بھی ممکنہ گڑبڑ سے نمٹنے کیلئے ڈ ی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، انہوں نے زائرین کو اپیل کی کہ وہ امن امان کو برقرار رکھتے ہوئے شاہ سائیں کے عرس مبارک کی تقریبات میں حصہ لیں۔