Live Updates

سراج الحق اور عمران خان کے (کل) ایئرپورٹ پر تاریخی استقبال کے پروگرام کا اعلان کردیا گیا

خواتین ،بچے ،بوڑھے اور نوجوان جوق در جوق قائدین کا استقبال کرینگے، ثابت ہوجائیگا کراچی میں تبدیلی آرہی ہے،حافظ نعیم الرحمن

جمعہ 27 نومبر 2015 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 نومبر۔2015ء) جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی جانب سے دونوں جماعتوں کے مرکزی قائدین سینیٹر سراج الحق اور عمران خان کے ایئرپورٹ پر تاریخی استقبال اور استقبالیہ جلوس کے روٹ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ہفتہ 28نومبر کو ایک بجے دن ایئرپورٹ پر شاندار اور عظیم الشان استقبال ہوگا۔بعد ازاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی قیادت میں استقبالیہ جلوس شاہراہ فیصل ،نیپا چورنگی اور حسن اسکوائرسے ہوتا ہوا مزار قائد پر پہنچے گا اور حاضری دی جائے گی ۔

انتظامیہ کو استقبالیہ پروگرام اور جلوس کے روٹ سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انصاف ہاؤس میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور تحریک انصاف کراچی کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصا ف کے عمران اسماعیل اور جماعت اسلامی کے عبد الوہاب ،زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 28نومبر کو شاندار اور تاریخی استقبال ثابت کردے گا کہ کراچی میں تبدیلی آرہی ہے۔کراچی کے عوام قائد اعظم کے سلوگن،ایمان،اتحاد اور تنظیم اور حالات کو بدلنے کا عزم لے کر جب نکلیں گے تو تبدیلی یقینی ہوگی۔کراچی کے عوام،بچے ،بوڑھے،جوان اور خواتین سب گھروں سے نکل کر سراج الحق اور عمران خان کا استقبال کریں گے اور یہ رہنما کراچی کے عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

یہ اپنا کراچی کو اون کرتے ہیں اور کراچی کے مسائل کو ہمیشہ اُٹھاتے ہیں ۔کراچی کے لیے ضروری ہے کہ اس کو اس کے اصل مقام پر لایا جائے اور ترقی دی جائے۔کراچی میں امن وامان ،دہشت گردی اور بھتہ خوری کے ساتھ ساتھ بے روزگاری بھی بہت بڑا مسئلہ ہے۔بے روزگا ر نوجوان حالات سے تنگ آکر جرائم پیشہ گروہ اور دہشت گرد مافیا کے ہاتھوں لگ جاتے ہیں جو انہیں غلط راستوں پر ڈالتے ہیں ۔

اس لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے کو بھی حل کیا جائے اور نوجوانوں کے مستقبل کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو چاہیے کہ وہ پُر امن اور جمہوری راستہ اپنائے ۔کراچی میں دہشت گردوں،بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ مافیا کے خلاف کاروائیاں جاری رہنی چاہیے۔ان کاروائیوں کو کسی زبان کا مسئلہ بناکر کراچی کے حالات کو بگاڑا نہ جائے۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہم صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنی درخواست کو آگے بڑھانے پر اظہار تشکر کرتے ہیں ۔کراچی میں ماضی میں جس طرح انتخابات ہوتے رہے ہیں اس سے سب واقف ہیں ۔5دسمبر کو فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے عوام کو بھی حوصلہ ملے گا ۔یہ شہر ترقی اور خوشحالی کے راستے میں بہت پیچھے رہ گیا ہے دونوں جماعتوں کے رہنما کراچی کے عوام کو یقین دلائیں گے کہ وہ تنہا نہیں ہیں اور اب حالات بدلنے والے ہیں ۔

تاریخی اور شاندار استقبال کے بعد مزار قائد پر حاضری دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو تقسیم در تقسیم کرنے کے بجائے اسے وحدت اور یکجہتی کے راستے پر ڈالا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا دورہ کر کے جاچکے تھے مگر دونوں جماعتوں کی مقامی قیادت کی درخواست پر عمران خان کے ساتھ آرہے ہیں۔عمران خان 29نومبر کو کراچی میں بنارس چوک ،سلطان آباد۔ککڑی گراؤنڈ ،فائیو اسٹار چورنگی،الآصف اسکوائراور داؤد چورنگی پر عوامی پروگرامات اور کارنر میٹنگز سے خطاب کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات