علم سے ہی فکر و آگہی کے نئے در وا ہوتے ہیں ،محمد عثمان

تعلیم کے بل بوتے پر ہی اقوام عالم کے صفوں میں اپنا منفرد مقام بنایا جا سکتا ہے،ڈی سی او حافظ آباد

جمعہ 27 نومبر 2015 22:15

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 نومبر۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان نے کہا ہے کہ علم سے ہی فکر و آگہی کے نئے در وا ہوتے ہیں اور تعلیم کے بل بوتے پر ہی اقوام عالم کے صفوں میں اپنا منفرد مقام بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلی وحی کے ذریعے بھی خالق کائنات نے علم کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور نبی کریم ﷺ نے علم کے حصول کو ہر مسلمان مرد و عورت کے لیے لازم قرار دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خاندان کی خوشحالی اعلیٰ تعلیم اور مروجہ علوم کے حصول کے ساتھ مشروط ہے اور والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے ضرور آراستہ کریں۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار ڈسٹرکٹ پبلک سکول پنڈی بھٹیاں کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اے سی پنڈی بھٹیاں میڈم سروش فاطمہ شیرازی ،جی اے آر سعید احمد خان ،والدین ،اساتذہ ،معززین اور طلباء و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔

ڈی سی او نے کہا کہ ڈی پی ایس کے پنڈی بھٹیاں میں قیام سے سستی اور معیاری تعلیم کو فروغ ملے گا اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے بچے بھی جدید تعلیمی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے سی سروش فاطمہ اور جی اے آر سعید احمد خان نے بھی پنڈی بھٹیاں میں ڈی پی ایس کے قیام کو معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے اہم اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کا تمام کریڈیٹ ڈی سی او کو جاتا ہے ۔

انہوں نے والدین اور اساتذہ پر بچوں کی تعلیم اور انکی اخلاقی تربیت کے حوالہ سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ان پر فرض ہے کہ وہ بچوں کی کردار سازی کو خصوصی اہمیت دیکر انہیں ملک و قوم کی خدمت اور ترقی کے قابل بنائیں۔ڈی سی او نے اس موقع پر سکول کا درجہ پرائمری سے مڈل تک بڑھانے کا بھی اعلان کیا ۔بعد ازاں ڈی سی او نے پبلک پارک میں قائم لائبریری اور تحصیل کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور لائبریری کی توسیع اور اسکی تزئین و آرائش کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔