Live Updates

یکساں نظام تعلیم ایک متحد قوم کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہے ، سوچ اور فکر کی آزادی کو اسلام کے علمی ورثے سے جوڑنے کی اشد ضرورت ہے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کو خیبرپختونخوا کی جامعات کے سربراہان سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2015 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ یکساں نظام تعلیم ایک متحد قوم کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہے، سوچ اور فکر کی آزادی کو اسلام کے علمی ورثے سے جوڑنے کی اشد ضرورت ہے، وقت آن پہنچا ہے کہ مغرب کی اندھی تقلید کی بجائے آزاد انداز میں علوم سے استفادہ کیا جائے اور جامعات ملک میں تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

وہ جمعہ کو خیبرپختونخوا کی جامعات کے سربراہان سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے آئندہ نسلوں تک اقبال کے فلسفے کو منتقل کرنے کیلئے قومی سطح کی درسگاہیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ مغرب میں پروان چڑھنے والے فنون و علوم کی اندھا دھند تقلید کی بجائے ایک ایسا متبادل نظریہ اور نظام ناگزیر ہے جس کے ذریعے عہد حاضر کے مسائل کا تدارک ممکن ہو سکے اور صحیح معنوں میں انسانی علوم کی ترویج یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

برصغیر کے علمی ورثے کواستعمارنے اپنے ذوقِ سلطنت گیری کی بھینٹ چڑھایا، چنانچہ وقت آن پہنچا ہے کہ ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا کی جامعات اور ان سے وابستہ ماہرینِ علوم اپنی منزل کا تعین کریں اور قوم کی علمی و ثقافتی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ماضی میں برصغیر کی اسلامی درسگاہوں میں تعلیم و تحقیق کا معیار مغرب کی بڑی دانش گاہوں سے مطابقت رکھتا تھا جسے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے تباہ کیا گیا اور برصغیر میں بسنے والے مسلمانوں کو مغرب کی اندھی تقلید کی راہ پر ڈال دیا گیا، چنانچے وقت آن پہنچا ہے کہ جامعات اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور ہر قسم کی مصالحت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر مکمل تعلیم ماحول فراہم کرے۔

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی اور صوبے میں جامعات کو جدید دور سے ہم آہنگ بنانے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات