Live Updates

الیکشن کمیشن اور اسلام آباد انتظامیہ کا رویہ تفریق پر مبنی ،اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ، الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی اراکین فوری مستعفی ہوجائیں

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کابیان

جمعہ 27 نومبر 2015 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن اور اسلام آباد انتظامیہ کا رویہ تفریق پر مبنی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ، الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی اراکین فوری مستعفی ہوجائیں ، نعیم الحق نے وفاقی حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے نقل وحمل میں رکاوٹیں ڈالنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد کے عوام سے مخاطب ہونے سے روکنا جبکہ دوسری جانب حکومتی وزراء اور اراکین قومی اسمبلی کی سرگرمیوں پر خاموشی اختیار کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی متنازعہ حکمت عملی کے ذریعے اپنی ساکھ مکمل طور پر کھو چکا ہے اور متعدد مرتبہ اس کے طرز عمل میں دوغلا پن ظاہر ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر حکومتی امیدوار کھلے عام دولت کے بل بوتے پر ووٹ خریدنے میں مصروف رہے اور آئیسکو سمیت حکومتی اداروں کے ذریعے قومی خزانے کے بل بوتے پر ترقیاتی کاموں کے ذریعے حکومتی جماعت کے امیدواروں کے حق میں مہم چلائی جاتی رہی جبکہ الیکشن کمیشن کے کانوں پر کوئی جو تک نہ رینگی۔

جب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام سے مخطاب ہونے کا فیصلہ کیا تو الیکشن کمشین اور مقامی انتظامیہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی آڑ میں تحریک انصاف کا رستہ روکتے ہوئے نظر آئے ، جس کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے اس متنازعہ اور دوہرے طرز عمل کے باعث قوم کا اعتماد کھو چکا ہے ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ چاروں صوبائی اراکین فی الفور اپنے عہدوں سے الگ ہوں ۔

اپنے بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے رستے روک کر شہریوں کی نقل و حمل میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکومتی جماعت وفاقی دارالحکومت میں تحریک انصاف کی مقبولیت سے خائف ہے اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ عمران خان کو عوام سے دور کھنے کی ہر کوشش پہلے کی طرح ناکام ہو گی اور 30نومبرکو اسلام آباد کے عوام حکومت کے ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف اپنا فیصلہ ووٹ کے ذریعے صادر کرینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات