ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات مکمل،رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی، عمران فاروق قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، تحقیقات کے بعد گرفتار ملزمان معظم علی، محسن اور خالد شمیم کے خلاف سازش کا مقدمہ پاکستان میں درج کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 00:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27نومبر۔2015ء) ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) نے اپنی تحقیقات مکمل کرلیں،تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی۔جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں قتل ہونے والے ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہیں، تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر، رینجرز اور آئی ایس آئی کے نمائندے شامل تھے۔

جے آئی ٹی کا مینڈیٹ قتل کی سازش ہونے یا نہ ہونے کا تعین کرنا تھا، تحقیقاتی ٹیم نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم معظم علی، محسن اور خالد شمیم سے تحقیقات کی جبکہ بینک اکاؤنٹس اور ٹیلیفون کالز سے بھی تحقیقات میں مدد لی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس کی سازش پاکستان میں تیار ہوئی، تحقیقات کے بعد عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم معظم علی، محسن اور خالد شمیم کے خلاف سازش کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ مقدمہ پاکستان میں درج کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔