نائجیریا میں شیعہ جلوس پر خودکش حملہ، 21 افراد ہلاک،متعدد زخمی ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 00:02

نائجیریا میں شیعہ جلوس پر خودکش حملہ، 21 افراد ہلاک،متعدد زخمی ،ہلاکتوں ..

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27نومبر۔2015ء) نائجیریا کی ریاست کانو میں شیعہ مسلمانوں کے جلوس میں خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ،فوری طور پر کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق نائیجرین سیکورٹی حکام کاکہنا ہے کہ ریاست کانومیں شیعہ مسلمانوں کے جلوس میں ایک خودکش حملہ آور نے خودکو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بیشتر افراد کی حالت تشویش ناک ہونے سے ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔دھماکہ مقامی وقت دوپہر 2بجے کے قریب کانو کے علاقے گروم ملام کے گاؤں داکوزوئی میں ہوا۔پولیس کمشنر محمد موسیٰ کتیسینا نے بتایا ہے کہ حملے کیلئے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔انکا کہنا تھاکہ دھماکے میں کون سا گروپ ملوث تھا اس بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔تاحال کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔گزشتہ ہفتے کانو میں دو خواتین خودکش بمبار نے موبائل مارکیٹ میں خودکو اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔