انتفاضہ القدس کا 9 واں جمعہ،2 فلسطینی شہید، شہداء کی تعداد 104 ہوگئی،4 خواتین اور 22 بچے بھی شامل

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:40

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) فلسطین میں یکم اکتوبر سے جاری تحریک انتفاضہ القدس کے بعد نویں جمعہ بھی صہیونی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی کی نذر ہوگیا۔جمعہ کو دو فلسطینی مزاحمت کاروں نے 8یہودی فوجیوں کو زخمی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ جبکہ صہیونی فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز غرب اردن میں اسرائیل کیخلاف احتجاج کرنیوالے سینکڑوں فلسطینیوں کو زخمی حالت میں ہسپتالوں میں لایا گیا۔ ان میں سے بیشتر کو اسرائیلی فوجیوں نے مظاہروں کے دوران گولیاں ماری تھیں۔ رپورٹ کے مطابق قابض صہیونی فوجیوں نے الخلیل شہر میں 18 سالہ عمر عرفات الزعاقیق کو اس وقت گولیاں مار کر شہید کردیا جب اس نے اپنی کار کی ٹکر سے سڑک کے کنارے فلسطینیوں سے توہین آمیز تفتیش میں مصروف فوجیوں پر اپنی کار چڑھا دی جس کے نتیجے میں کم سے کم 6 صہیونی فوجی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ شمالی الخلیل میں بیت امر کے مقام پیش آیا۔ قبل ازیں جمعہ کو بیت المقدس میں اسرائیلی فوجیوں نے 25 سالہ فلسطینی فادی الخصیب کو بھی دو یہودی فوجیوں کو کار کی ٹکر سے زخمی کرنے کے الزام میں گولیاں مار کر موت سے ہم کنار کردیا۔ یہ واقعہ بیت المقدس کی کفار ادومیم کالونی میں پیش آیا ۔یکم اکتوبر سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران اب تک 4 خواتین اور 22 بچوں سمیت 104 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :