امریکہ کلینک پر فائرنگ ، تین افراد ہلاک ، حملہ آور سمیت 9 افراد زخمی

ہفتہ 28 نومبر 2015 12:42

کولو راڈو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) امریکی شہر کولوراڈو سپرنگز میں پولیس کا کہنا ہے کہ پیدائش کنٹرول کے ایک کلینک میں ہونے والی فائرنگ میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ حملہ آور سمیت نو افراد زخمی ہوگئے ۔ہلاک شدگان میں ایک پولیس اہلکار جبکہ دو عام شہری شامل ہیں۔ مرنے والے پولیس اہلکار کا نام میجر سوتھر بتایا گیا ہے جبکہ فائرنگ میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

ایک مرد حملہ آور کو پولیس نے حراست میں لیا ہے جبکہ ابھی تک اس فائرنگ کے اسباب کی اطلاعات نہیں ہیں۔پولیس نے بتایا کہ ’پلینڈ پیرنٹ ہڈ‘ کلینک میں فائرنگ کا واقعہ کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کی وجہ سے متعدد افراد کلینک میں پھنس کر رہ گئے تھے۔اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ 11 افراد زخمی ہیں جن میں پانچ پولیس اہلکار شامل ہیں لیکن اس بات کا علم نہیں ہے کہ آیا مرنے والے ان زخمیوں میں سے ہیں؟سٹی پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس علاقے کی تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک پڑوس کے سیلون کے منیجر ڈینیسی سپیلر نے بتایا کہ انھوں نے پانچ منٹ کے اندر کم از کم 20 بار گولی چلنے کی آواز سنی۔پولیس نے پڑوس کے دکانداروں کو اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا ہے۔پلینڈ پیرنٹ ہڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابھی اس بات کا علم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا ان کا ’کلینک ہی اس حملے کا ہدف تھا۔