یو اے ای میں اسرائیلی سفارتی مشن نہیں کھل رہا" سینئر یو اے ای حکومتی عہدیدا ر کی میڈیا رپورٹس کی تردید

اسرائیل سے متعلق امارات کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:31

دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء )متحدہ عرب امارات کے ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن میں اسرائیل کے حوالے سے یو اے ای کی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ کیا گیا تھا۔ یو اے ای کی وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن مریم الفلاسی نے ایک بیان میں واضح کیا کہ دوبارہ قابلِ استعمال توانائی کے ادارہ 'ارینا' ایک آزاد بین الاقوامی ایجنسی ہے، جو ایسی انجمنوں کے لئے بنائے گئے قوانین اور ضابطوں کے تحت کام کرتی ہے۔

یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی 'وام' نے مریم فلاسی کا بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور' ارینا' کے درمیان کسی بھی قسم کے معاہدے سے یو اے ای کے موقف یا اسرائیل سے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے تل ابیب سے شائع ہونے والے اخبا رنے دعوی کیا تھا کہ اسرائیل، متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود وہاں اپنا پہلا سفارتی مشن کھولے گا۔ اخبار نے اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ ابوظہبی میں قائم کیا جانے والا یہ سفارتی مشن بین الاقوامی انرجی آرگنائزیشن کا حصہ ہو گا۔واضح رہے کہ سنہ 1948 میں عرب، اسرائیل تنازع شروع ہونے کے بعد سے متحدہ عرب امارات کی طرح دوسری عرب ریاستوں نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے۔