امریکہ ‘ مسلح حملہ آور کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک ‘ نو زخمی ‘ حملہ آور گرفتار

ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس آفیسر اور 2 عام شہری شامل ہیں امریکی صدر نے واقعات روکنے کیلئے سخت اقدامات اْٹھانے کا عندیہ دیدیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:47

کولوراڈو اسپرنگز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) امریکی ریاست کولوراڈو کے فیملی پلاننگ سینٹر (پلینڈ پیرنٹ ہڈ کلینک) میں مسلح حملہ آور کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے ‘پولیس نے آپریشن کے بعد حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔امریکی میڈیا کے مطابق کولوراڈو کی میونسپلٹی کولوراڈو اسپرنگز کے پلینڈ پیرنٹ ہڈ کلینک میں مسلح شخص نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

مسلح شخص نے کلینک میں موجود کئی افراد کو گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے کامیاب آپریشن کرکے مغویوں کو بازیاب کراتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس آفیسر اور 2 عام شہری شامل ہیں ‘زخمی ہونے والے 9 افراد میں سے بھی 5 پولیس اہلکار ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران بازیاب کرائی گئی ایک مغوی جینیفر موٹولینیا کے مطابق جب فائرنگ شروع ہوئی تو وہ ایک ٹیبل کے پیچھے چھپ گئیں اور وہاں سے اپنے بھائی جان موٹولینیا کو فون کرکے کہا کہ میرے بچوں کا خیال رکھنا کیونکہ میں مرنے والی ہوں جان موٹولینیا کے مطابق وہ جینیفر کے فون کے بعد فوراً کلینک کی جانب روانہ ہوئے تاہم پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

حکام کے مطابق حملہ آور نے کس ارادے سے فیملی پلاننگ سینٹر پر حملہ کیا، اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں ‘حملہ آور کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔امریکی صدر براک اوباما نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے سخت اقدامات اْٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔